راولپنڈی ٹیسٹ: بنگلہ دیش ٹیم کی آج آمد، اچھا کھیل پیش کرینگے: بابر اعظم
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلہ میں پاکستان کیخلاف سیریز کھیلنے کیلئے آج راولپنڈی پہنچے گی ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان نے 10 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر پہلا ٹیسٹ میچ بھی چند ماہ قبل اسی مقام پر کھیلا تھا۔ شائقین نے بابر اعظم کا بھرپور استقبال کیا تھا۔ ڈریسنگ روم سے کریز پر پہنچنے تک ہر طرف ''بابر، بابر" کی گونج تھی۔ ان لمحات کے بارے میں بابر اعظم کا کہنا ہے کہ اس وقت ان کے جذبات ناقابل بیان تھے۔ وہ اپنے کیرئیر میں یہ آوازیں سننے کیلئے بیتاب تھے۔ بابر اعظم نے کہا کہ سٹیڈیم میں موجود تماشائیوں سے اپنے نام کی پکار سنی تو کریز پر پہنچنے سے پہلے ہی فیصلہ کرچکا تھا کہ 100 فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا۔ یہ وہ لمحات ہیں جو ہوم سیریز، بیرون ملک کھیلنے کے باعث ہمیں میسر نہیں تھے۔ یہ تماشائیوں کا جوش ہی تھا جس نے انہیں میچ میں سنچری سکور کرنے کیلئے ہمت بندھائی۔میچ کے آخری روز وکٹ کا بدلتا رویہ سمجھنے کیلئے ابتدائی 3 اوورز میں انہوں نے محتاط بیٹنگ کی، مگر وہ آخری سیشن میں سنچری سکور کرنے کا فیصلہ کرچکے تھے۔ بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کروں گا۔ کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں ۔ سری لنکا کو شکست دی تھی اسی طرح بنگلہ دیش کو بھی شکست دینے کی کوشش کرینگے ۔ پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے ٹکٹوں کی فروخت گزشتہ روز سے شروع ہو گئی تھی ۔ پی سی بی شائقین کی زیادہ سے زیادہ تعداد سٹیڈیم لانے کیلئے کچھ انکلو ژرز میں شائقین کا داخلہ مفت کیا ہے ۔ ایسے انکلوژ رز میں داخلے کیلئے قومی شناختی کارڈ کی شرط لازمی رکھی گئی ہے ۔ انتظامیہ نے پنڈی سٹیڈیم میں تزئین و آرائش کاکام مکمل کرلیا ہے ۔ سکیورٹی کے بھی فول پروف انتظامات کئے جائیں گے ۔