فضائیہ کا تعمیر ملت میں کردار نمایاں، صحت، تعلیم کی سہولتوں سے ترقی ہوگی: صدر
کراچی‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے گزشتہ روز کراچی میں نئے تعمیر شدہ فضائیہ روتھ فاؤ میڈیکل کالج کا افتتاح کر دیا۔ صدر کی آمد پر پاک فضائیہ سربراہ ائرچیف مارشل مجاہد انور نے استقبال کیا۔ صدر پاکستان نے ریکارڈ وقت میں منصوبے کی تعمیر پر ٹیم کو سراہا۔ صدر نے کہا کہ پاک فضائیہ تعمیر ملت کے پروگراموں میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ کالج پاک فضائیہ کی عوامی خدمات کی فہرست میں قابل قدر اضافہ ہے۔ صدر مملکت نے کالج کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کی سہولیات بہتر ہوں گی تو ملک ترقی کرے گا، صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہیے، ہمارے مذہب میں طہارت اور پاکیزگی پر زور دیا گیا ہے۔ دنیا بھر میںکرونا وائرس کا خطرہ بڑھ رہا ہے، ایسے وائرس کی ویکسین بننے میں وقت لگتا ہے۔ سارس وائرس کی ویکسین بننے میں 6 ماہ لگے، ممکن ہے کرونا وائرس کی ویکسین جلد تیار ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایچ آئی وی، تپ دق اور ہیپاٹائٹس کی بیماریوں میں اضافہ ہورہا ہے، ملک کی 8 فیصد آبادی ہیپا ٹائٹس کا شکار ہے۔ دریں اثناء صدر نے کہا ہے کہ مظلوم کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، شدت پسند ہندتوا نے بھارت کا چارج سنبھال لیا ہے، بھارت میں متنازع شہریت قانون سے اقلیتوں کو خطرات لاحق ہیں، بھارت میں متنازع شہریت قانون سے اقلیتوں کو خطرات لاحق ہیں۔ منگل کو ایوان صدر میں مقبوضہ کشمیر کے موضوع پر سیمینار سے خطا ب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کا ظلم و تشدد جاری ہے، مقبوضہ وادی میں کشمیریوں پر پیلٹ گنز استعمال کی گئیں۔ بھارت بھر میں مظالم کی تاریخ پرانی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ1984میں سکھوں کے ساتھ جو ہوا وہ کسی سے پوشیدہ نہیں، شدت پسند ہندتوا نے بھارت کا چارج سنبھال لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمان غیر محفوظ ہیں، بھارت میں متنازع شہریت قانون سے اقلیتوں کو خطرات لاحق ہیں۔ بھارت میں متنازع شہریت قانون سے اقلیتوں کو خطرات لاحق ہیں، کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔