عوام آج گھروں سے نکل کر کشمیر ریلیوں میں شرکت کریں: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قوم جوق در جوق گھروں سے نکلیں اور یکجہتی کشمیر ریلیوں میں شرکت کریں۔ کشمیر حکمرانوں کا نہیں، پاکستانی قوم اور پاکستان کا مسئلہ ہے۔ عالمی استعمار کے غلام حکمرانوں کی اپنی مجبوریاں ہیں جو انہیں کھل کر مظلوم کشمیریوں کا ساتھ دینے سے روک رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کے منہ سے ٹیپو سلطان بننے اور دنیا میں عزت و وقار سے رہنے کی باتیں سن کر پوری قوم میں خوشی اور اطمینان کی لہر دوڑ گئی تھی لیکن اقوام متحدہ میں تقریر کے بعد سے وزیراعظم ایسے خاموش ہوئے ہیں جیسے اس تقریر سے ان کا کوئی واسطہ ہی نہ ہو۔ سراج الحق نے کہا کہ 5 اگست کے بھارتی اقدام کے بعد اقوام متحدہ، عالمی برادری اور خصوصاً پاکستانی حکمرانوں کا فرض تھاکہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوتے۔ اگر بھارت کشمیر میں فوجیں بھیج سکتا ہے تو پاکستان کیوں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ابھی نہیں تو کبھی نہیں کے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ دریں اثناء سراج الحق نے پاکستان بزنس فورم اور چیمبر آف کامرس کے نمائندہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی عوام کے مفاد کیلئے بجٹ سے 40 روز قبل ایک عوامی بجٹ دے گی۔ حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کرنے کی قسم اٹھا رکھی ہے ہم نہیں چاہتے کہ ملک میں پہیہ جام ہڑتالیں ہوں۔ ملکی صورتحال اس بات کی عکاسی کر رہی ہے کہ حکومت فیل ہو چکی ہے۔ تاجر برادری کے مسائل جوں کے توں ہیں۔ حکومت خودمختار معاشی پالیسی دینے میں ناکام ہے۔ ملک میں تاجر برادری خوش نہیں تو عوام کیسے خوش ہوں گے۔ ملکی معیشت میں تاجر برادری کا کردار جسم میں دوڑتے خون کی طرح ہے۔ ملک پر اس وقت معاشی دہشت گردی مسلط ہے۔ اسلام آباد میں تاجر برادری و صنعت و تجارت کے نمائندہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ورلڈ بنک حکومتوں کو یرغمال بنا کر رکھتا ہے۔ 22 کروڑ عوام کی حکومت آئی ایم ایف کے ایک کلرک سے اجازت طلب کرتی ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ عوام وزارتوں، دفاتر اور بنگلوں کا گھیراؤ کریں گے۔ تاجر برادری کا کہنا تھا کہ حکومت کی نااہلی اور ناتجربہ کاری سے مزید بحران سر اٹھائیں گے۔ دنیا کے تمام ترقی یافتہ ممالک کی حکومتیں تاجر برادری کو ہر بجٹ سے پہلے اعتماد میں لیتی ہیں۔ پاکستان بزنس فورم و تاجر برادری حکومت کے حالیہ اقدامات پر سخت سیخ پا ہے۔