• news

مسئلہ کشمیر حل ہونے تک کشمیریوں کی آواز بنیں گے، عالمی برادری کی خاموشی تشویشناک: اعجاز شاہ

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت اور ظلم اور بربریت کو آج 6 ماہ سے زیادہ ہو گئے ہیں، اس طویل مدت میں انسانی حقوق کی پامالی کی اس سے زیادہ گھنائونی مثال نہیں ملتی، مودی سرکار کا شدت پسند چہرہ ساری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے، پاکستان نے اب تک ہر فورم پر اپنے کشمیری بھائیوں کیلئے آواز اٹھائی ہے اور ہم کسی صورت اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہم ایک پرامن قوم ہیں اور حق کیلئے آواز اٹھانے کا شعور رکھتے ہیں لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ ہماری امن پسندی کو کمزوری سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کا کردار کشمیر کو حق خودارادیت دلوانے کیلئے بے حد ضروری ہے اور کشمیر کے معاملہ پر عالمی برادری کی خاموشی قابل تشویش ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ کا حل خطہ کے امن کیلئے بے حد اہمیت کا حامل ہے، کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور اس مسئلہ کے حل کے بغیر پاک۔بھارت تعلقات میں بہتری آنا ناممکن ہے۔ آج کے دن عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ کشمیر کے مسئلہ کے حل تک کشمیریوں کی آواز بنے رہیں گے، دعاگو ہیں کہ کشمیریوں کی زندگی میں آزادی کا سورج جلد طلوع ہو۔ دریں اثناء فرانس کے سفیر مارک برٹے سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ سکیورٹی اور داخلی امور میں کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق منگل کو وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سے فرانس کے سفیر مارک برٹے نے ملاقات کی جس میں باہمی امور اور سکیورٹی سے متعلق معاملات کو زیر غور لایا گیا۔ ملاقات میں کرونا وائرس اور دیگر موجودہ مسائل سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن