کوئی باضمیرانسان ٹرمپ منصوبے کو قبول نہیں کر سکتا،صاحبزادہ مہاتیرمحمد
کوالالمپور(این این آئی)ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کے صاحبزادے داتو مخزر بن مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ ٹرمپ کے نام نہاد مشرق وسطیٰ منصوبے کو کوئی ذی شعور، عقل مند اور زندہ ضمیر انسان قبول نہیں کرسکتا۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بن مہاتیر محمد نے کالالمپور میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ سنچری ڈیل درحقیقت صدی کا سب سے بڑا جھوٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ صدی کی ڈیل امریکی عوام کی ٹرمپ کے مواخذے سے توجہ ہٹانا اور دوسری بار امریکی صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کا ایک حیلہ ہے۔ مگر اسے کوئی بھی انسان معقول قرار نہیں دے سکتا۔خیال رہے کہ مخرز بن مہاتیر ملائیشیا کے شمالی صوبے قدح کے سینیر وزیر اور حکمراں جماعت'برساتو' کے نائب صدر ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ فلسطینی قوم پرایسا کوئی بھی حل مسلط نہیں کیا جاسکتا جس میں فلسطینی قوم کے بنیادی ارکان بالخصوص فلسطینی اتھارٹی، تحریک فتح اور حماس کو شامل نہ کیا گیا ہو۔