پشاور بی آر ٹی منصوبہ پھر موخر، خیبر پی کے حکومت نے اپریل کی نئی تاریخ دیدی
لاہور (نیٹ نیوز) خیبر پی کے حکومت نے بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے کی تکمیل کی ایک اور تاریخ دے دی۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما اور کے پی کے کے صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی آرٹی منصوبے کی تکمیل میں ابھی بھی کافی مشکلات ہیں۔ منصوبہ اپریل میں مکمل ہوجائے گا۔ اس سے قبل صوبائی وزیر نے پشاور بی آر ٹی منصوبہ مارچ میں مکمل ہونے کا بتایا تھا۔ شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ ہم نے سپریم کورٹ میں بتایا ہے کہ بی آر ٹی پر کام جاری ہے اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے 2021 تک کا معاہدہ ہے اور اگر کوئی انکوائری شروع ہوئی تو کام رک جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ایک مرتبہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچ جائے پھر اس کے بعد جو ادارہ چاہے اس پر تحقیقات کرلے۔ خیبر پی کے حکومت نے پشاور ہائیکورٹ کے حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا جس کے بعد گزشتہ روز عدالت عظمیٰ نے ایف آئی اے کو تحقیقات سے روک دیا ہے۔ یاد رہے کہ پشاور میں ٹرانسپورٹ کا منصوبہ بی آر ٹی تحریک انصاف کے گزشتہ دور حکومت میں سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے دور میں شروع ہوا جو کئی تاریخوں کے باوجود تاحال مکمل نہیں ہوسکا ہے۔