• news

کشمیریوں سے یکجہتی، پوری قوم متحد: ایمان ہے کشمیر آزاد ہو گا، عمران خان: ہر قیمت پر ساتھ کھڑے ہیں، آرمی چیف

اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ (وقائع نگار خصوصی+ سپیشل رپورٹ+ نیوز رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار+ اپنے نامہ نگار سے) مظلوم کشمیریوں پر بھارتی فوج کی جانب سے مسلسل اور بدترین مظالم کے خلاف ملک بھر میں یوم یک جہتی کشمیر منایا گیا اور اس عہد کی تجدید کی گئی کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔ کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے صبح 10 بجے ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ ملک بھر میں دن کا آغاز مساجد میں کشمیریوں کیلئے دعائوں سے کیا گیا۔ اظہاریکجہتی ریلیاں نکالی گئیں اور تقریبات منعقد کی گئیں، اس سلسلے میں آزاد کشمیر میں بھی ریلیاں اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ کوہالہ پل پر سائرن بجائے گئے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی گئی۔ راولپنڈی ہولاڑ پل پر کشمیریوں سے یک جہتی کے لیے انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی گئیں، اراکین اسمبلی، سماجی کارکنان اور سکول کے بچوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ کوئٹہ، چمن شہر میں بھی یوم یک جہتی کشمیر جوش و جذبے سے منایا گیا، شہر کی اہم شاہراہوں اور اہم عمارتوں پر کشمیر کے پرچم لہرا دیے گئے، مختلف ریلیوں کا انعقاد بھی کیا گیا۔ مظاہرین نے مودی کے پتلے اور تصاویر بھی نذرآتش کیں۔ شرکا نے عالمی برادری اور اسلامی ممالک کے سوئے ضمیروں کو جھنجوڑتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ہر مشکل گھڑی میں کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے فیصل چوک مال روڈ پر یوم کشمیر کی ریلی سے خطاب کیا۔ لاہور آرٹس کونسل کے زیراہتمام بلڈ ان دی ویلی کے عنوان سے تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ تصویری نمائش کا افتتاح صوبائی وزیر قانون و چیئرمین کشمیرکمیٹی پنجاب راجہ بشارت نے کیا۔ اس موقع پر پنجاب اسمبلی سے لاہور پریس کلب تک یوم یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی جس کی قیادت وفاقی وزیر و سابق چیئرمین سینٹ محمد میاں سومرو نے کی۔ ریلی میں سیاسی، سماجی، دینی، تاجر تنظیموں اور نوجوان طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ پنجاب اسمبلی کے سامنے کارکنوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے بد ترین مظالم اور اقوام متحدہ کے بے حسی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ تحریک انصاف ،عوامی تحریک ،جماعت اسلامی نے مقامی قائدین کی قیادت میں ریلیاں نکالیں۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے خواتین پارلیمنٹرینز کے ہمراہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کے نمائندے کو یاداشتیں پیش کر دیں۔ نیویارک میں بھارتی سفارتخانے کے باہر ٹیکسیوں کی ریلی نکالی گئی۔ کشمیر کونسل ای یو نے یورپی پارلیمنٹ کے سامنے شدید بارش میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ ٹیکسیوں کے قافلے نے مین ہیٹن سمیت مختلف علاقوںمیں گشت کیا۔ قافلے نے اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے بھی چکر لگائے۔ ادھر برسلز میں کشمیر کونسل ای یو نے بھی یورپی پارلیمنٹ کے سامنے شدید بارش میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ آزاد کشمیر،مقبوضہ کشمیر اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیریوںا ور پاکستانی تاریک وطن نے پانچ فروری کومظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے یوم یکجہتی کشمیراس عزم کے ساتھ منایا کہ اس کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت اور بھارتی مظالم کے خاتمے کے لیے آواز اٹھانا ہے۔ ملک کا چپہ چپہ کشمیر بنے گا پاکستان ، لے کے رہیں گے آزادی، ہے حق ہمارا آزادی کے نعروں سے گونج اٹھا۔اس دن کو منانے کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا اور یہ باور کرانا ہے کہ کشمیر پاکستانی کی شہ رگ ہے۔ اس دن کی مناسبت سے پاکستان پوسٹ نے یادگاری ٹکٹ بھی جاری کیا۔ وفاقی دارالحکومت میں ڈی چوک پر بھی شہریوں نے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی۔ ادھر یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے اپنے پیغام میں کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ اس دن کی مناسبت سے وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت نے 9 لاکھ فوج کی تعیناتی کے ذریعے 80 لاکھ کشمیریوں کو اپنی ہی سرزمین پر قیدیوں میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 'بھارت دنیا کے سامنے انتہا پسند ہندوانہ بالادستی پر عملدرآمد کرنے والے ملک کے طور پر بے نقاب ہوگیا ہے وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی برادری کو آزمائش اور تکالیف کی اس گھڑی میں مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی حمایت کے لیے مزید کردار ادا کرنا چاہیے۔ علاوہ ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے خصوصی نغمہ بھی جاری کیا۔ دارلحکومت کے اہم پلوں کو یوم یکجہتی کے بینروں سے سجا دیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے مواد اپ لوڈ کیا گیا ہے۔ اہم شاہرائوں پر آزاد کشمیر کے پرچم بینرز آویزاں تھے۔ اس سلسلے میںملک بھر میں عام تعطیل تھی۔ تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوںاور ریلوے سٹیشنوں پر یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے بینرز آویزاں کئے گئے۔ پی ٹی اے کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے 10کروڑخصوصی ایس ایم ایس بھیجے گئے۔ وفاقی تعلیمی اداروں میں مباحثے اور مضمون نویسی کے مقابلے ہوئے۔ کوہالہ پل پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ جس طرح گذشتہ سات دھائیوں کے زائد عرصہ سے کوئی ظلم اورجبر و استبداد کشمیری عوام کو اپنے حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد سے روک نہیں سکا اسی طرح کشمیری عوام کیلئے پاکستانی عوام کی حمایت بھی غیر متزلزل ہے۔ امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق کی اپیل پرپاکستان بھرکی طرح ضلع راولپنڈی میں بھی جماعت اسلامی کے زیراہتمام راولپنڈی ،ٹیکسلا واہ کینٹ، کلرسیداں ،گوجرخان میںیکجہتی کشمیرریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔کراچی شاہراہ فیصل پر یوم یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے وزیر اعظم،چیف آف آرمی اسٹاف اور اہل اقتدار و اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیر کی آزادی کے لیے اب عملی اقدامات کریں، پاکستان کی فوج پاکستان کے لیے ہے،قوم کا مطالبہ ہے کہ وہ کشمیریوں کے لیے آگے بڑھے، پور ی قوم ان کی پشت پر کھڑی ہوگی،حکمران دورنگی اور منافقت چھوڑ کر اور امریکہ کی طرف دیکھنے کے بجائے سلطان ٹیپو بن کر جہاد کا اعلان کریں، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے او آئی سی کا اجلاس اسلام آباد یا مظفر آباد میں بلایاجائے،اقوام متحدہ اپنی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے استصواب رائے کا حق دلوائے،اہل کشمیر اور پوری کشمیری قیادت خراج تحسین کی مستحق ہے جو بدترین ریاستی جبر و تشدد کے باوجود آزادی کی جدوجہد میں مصروف ہے، آج اہل کراچی اور بالخصوص خواتین مبارکباد کی مستحق ہیں، جنہوں نے 20کلومیٹر طویل انسانی ہاتھوں کی زنجیر بناکر اہل کشمیر کو یہ پیغام دیا ہے کہ پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ مظلوم کشمیری قوم ہے۔ 185 دن گزرنے کے بعد بھی کشمیری عوا م کے ساتھ ہونیوالے مظالم میں کمی نہیں آئی۔ کشمیری عوام عالم اسلام سمیت اقوا م متحدہ کی طرف دیکھ رہے ہیں ،آج 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے سڑکوں پر ہے۔ یوتھ فورم فارکشمیر کے زیر اہتمام پنجاب اسمبلی سے لاہور پریس کلب تک یوم یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی جس کی قیادت وفاقی وزیر و سابق چیئرمین سینٹ محمد میاں سومرونے کی۔ محمد میاں سومرو نے ریلی سی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 21ویں صدی میں لاکھوں کی انسانوں کی بستی کشمیر کو 185دنوں سے کرفیو نافذ کر کے بھارتی مسلح افواج کی جانب سے محصوررکھنا انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزی ہے اور اس پر عالمی برادری کی بے حسی ایک بہت بڑا المیہ ہے۔ افسوس کہ UNنے کروڑوں کشمیریوں پر ظلم و ستم اور بربریت کے باوجود اپنا رول ادا نہیں کیا 73 گزرنے کے باوجود کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے منظور کردہ قرار دادوں پر عمل درآمد نہ کرانا UNکی ناکامی ہے۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے طارق احسان غوری چیف آرگنائزر (YFK)نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ہے افسوس کہ 73سال گزرنے کے باوجود اقوام متحدہ مسئلہ کشمیرکو حل کرنے میں ناکام ہوا اور اپنی ہی منظور کردہ حق خود ارادیت قرار دادوں پر عمل دارآمد نہیں کرا سکا۔ صوبائی دارلحکومت لاہور میں جماعت اسلامی اور جمعیت علماء پاکستان نے مال روڈ ،جمعیت علمائ￿ اسلام (ف)،دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔پاکستان سنی تحریک نے پنجاب اسمبلی سے لاہورپریس کلب تک ، جماعت اہلحدیث پاکستان نے جامع القدس سے چوک دالگراں تک ریلی نکالی گئی۔مال روڈ پر خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے کہا کہ کشمیریوں کو عمران خان کی تقریر اور تسلی نہیں چاہیے،کشمیر پر بھارت کے قبضے کا جواب دو عمران خان۔ اسلام سلامتی کا مذہب ہے۔۔مودی کی ہمت کیسے ہوئی کے وہ کشمیر پر حملہ کر دے۔کشمیریوں کے وکیل بیٹھنے کے بعد مودی نے کشمیر پر حملہ کرنے کی ہمت کی۔عمران خان نے بہت بہادر بنتے تھے ،مودی کو جیتنے کی دعائیں عمران خان نے دی۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ مودی سرکار اپنی تمام تر درندگی کے باوجود کشمیری عوام کے عزم آزادی کو شکست نہیں دے سکی۔ جمعیت علماء اسلام (ف)کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے ڈپٹی سیکر ٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کو شہید کر رہی ہے جو قابل مذمت اور افسوس ہے، کشمیری عوام منظم انداز میں آگے بڑھ رہیں اور وہ حوصلہ نہ ہاریں منزل ان کی قریب ہے۔ پاکستان سْنی تحریک کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈویڑنل صدر سردار محمد طاہر ڈوگر نے کہاکہ کشمیر کے بغیر پاکستان ادھورا ہے۔ پاکستان کی تکمیل کیلئے کشمیر کی آزادی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ،حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے، بزم نعیمیہ کے زیراہتمام دارالعلوم جامعہ نعیمیہ سے پریس کلب تک یکجہتی کشمیر ریلی مفتی عمران حنفی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میںہونیوالے بھارتی مظالم کانوٹس لیں۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیرکو حل کیا جائے۔ جماعت کے مرکزی امیر حافظ عبدالغفارروپڑی نے کہا کہ موجودہ حکمران ہندوستان کا نقشہ بدلنے کی صلاحت نہیں رکھتے یہ کشمیر پر پاکستانی قوم کو متحد کرنے میں ناکام رہے، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کی خصوصی ہدایت پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے سیکرٹری محمد خاں بھٹی کی قیادت میں پنجاب اسمبلی کے سٹاف نے ریلی نکالی۔ ریلی پنجاب اسمبلی سے فیصل چوک کے مرکزی اجتماع میں پہنچی۔ ریلی میں ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک، سپیشل سیکرٹری چودھری عامر حبیب سمیت اسمبلی سیکرٹریٹ کے دیگر سٹاف نے شرکت کی۔ قبل ازیں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خاں بھٹی نے کہا کہ ظلم اور جبر سے کشمیریوں کو ان کے حق آزادی سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری سنیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی تکمیل پاکستان کا آخری مرحلہ ہے ، کشمیری نظریہ پاکستان کی تکمیل اور پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اگر کشمیر آزاد ہوگا تو پاکستان کی شہ رگ آزاد ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ہائوس میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر منعقد ہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے میاں عمران مسعود سیکرٹری اطلاعات پنجاب،میاں محمد منیر ونگز کے صدورعالمگیر ایڈوکیٹ، چوہدری ذوالفقار علی پپن، سجاد بلوچ، انجینئر شہزاد الہٰی، چیئرمین ایم ایس ایف وکی گجر ،مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی، ماجدہ زیدی، آمنہ الفت نے بھی خطاب کیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض اشتیاق گوہر ایڈووکیٹ نے سرانجام دیئے۔ پاکستان مسلم لیگ پنجاب اجلاس میں مختلف قراردادیں بھی منظور کی گئی ایک قرارداد میں کہا گیا کہ اجلاس اس بات کی پر زور مذمت کرتا ہے کہ اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانا مسئلہ کشمیر کی حق خود ارادیت کی قرارداد پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ یہ اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ فوری طور پر7لاکھ سے زائد بھارتی افواج کو کشمیر سے نکالا جائے ۔پاکستان مسلم لیگ پنجاب کا یہ اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے کشمیریوں کو حق استصواب رائے دیاجائے۔ مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے الحمراء مال روڈ سے سٹاک ایکسچینج ایوان اقبال تک ریلی نکالی گئی جس میں لیگی رہنماوں کارکنوں اور خواتین کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن لاہور کے صدر پرویز ملک اور جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت کشمیر سے فوجیں نکالنے اور کرفیو ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا، نوازشریف مہاتیر محمد اور طیب اردگان ہی مسئلہ کشمیر حل کر سکتے ہیں عالم اسلام سفارتی دبا? اور بائیکاٹ کرے تب جا کر کشمیر آزادہوگا، حکومت کے دو ڈھائی ماہ رہ گئے ہیں نہ تم ہو گے نہ بزدارہوگا نہ پی ٹی آئی ہو گئ￿ وہ دن دور نہیں جب نوازشریف، کے قدم زمین پر صحت یاب ہو کر واپس آئیں گے راستہ صرف وزیر اعظم ہاؤس تک جائے گا، پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب کے باہر کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے ریلی نکال گئی ریلی کی قیادت پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن نے کی انہوں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی کشمیر پالیسی آج بھی وہی ہے جو قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے دی تھی ہم کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت کرتے ہیں پیپلز پارٹی مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھے گی ریلی میں چودھری اسلم گل سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی سہیل ملک اورنگزیب برکی اشرف بھٹی ڈاکٹر خیام حافظ اشرف وحید عالمگیر خرم فاروق کے ڈی رانا اور افنان بٹ کے علاوہ جیالوں کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تحریک لبیک پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے ریلیاں نکالی گئی،تحریک لبیک کی طرف سے ’’لبیک بیت المقدس و کشمیر مارچ‘‘ کے عنوان سے خیبر پختونخواہ،سندھ،بلوچستان،آزاد کشمیر،گلگت سمیت ملک کے دیگر شہروں میں صوبائی عہدیداروں کی قیادت میں بڑی ریلیاں نکالی گئی، اس سلسلے میں مرکزی ریلی لاہور داتا دربار سے پنجاب اسمبلی فیصل چوک تک نکالی گئی۔اس موقع پر ٹی ایل پی کے کارکنوں نے کشمیر بنے گا پاکستان کے پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے۔راس موقع پر علامہ خادم حسین رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا جھوٹی تقریریںاوربینر فلیکس لگانے سے نہیں کشمیر جہاد سے آزاد ہوگا۔ بیت المقدس بھی لبیک کے نعرے اور جہاد سے آزاد ہوگا۔فوج کشمیر کو فتح کرنے نکلے ہم فوج کے ساتھ کھڑے ہونگے۔ امریکہ اور بھارت کومسئلہ کشمیر کے حل کیلئے صرف سات دن کا وقت دے دیا جائے۔پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے۔ ابدالی، غوری اورشاہین ہم نے بھارت کیلئے بناکر رکھے ہیں۔ کشمیر پاکستان کی نظریاتی، سماجی ، سیاسی اور جغرفیائی شہ رگ ہے۔بھارت کی یہ بھول ہے کہ وہ مظالم ڈھا کر کشمیریوں کو اپنا غلام بنا لے گا۔کشمیر یوں کی آزادی کی جدوجہد ضرور رنگ لائیگی۔تحریک لبیک کی خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ شیر پنجاب رنجیت سنگھ نہیں ،علامہ اقبال ،شیر شاہ سوری اور ٹیپو سلطان شیر پنجاب ہیں۔عوامی رکشہ یونین و عوامی پاسبان کے کارکنوں نے پریس کلب کے باہر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور کشمیر میں بھارتی فوج کے ظلم و بربریت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں عوامی پاسبان کے سینکڑوں کارکنوں کے ساتھ عوامی رکشہ یونین اور عوامی ٹرانسپورٹ یونین کے کارکنوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجید غوری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ بھی کشمیریوں کو حق خود ارادیت اور آزادی دلانے کیلئے اپنی پاس کردہ قرار دادوں پر عملدرآمد کروانے میں ناکام ہو چکی ہے۔ مودی سرکار نے ظلم و بربریت سے جنت نذیر وادی کشمیر کو جہنم بنا دیا ہے 185 دنوں سے کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا ہوا ہے کشمیریوں سے صرف زبانی اظہار یکجہتی کافی نہیں حکومت پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی مدد کے ساتھ ساتھ ان کی عسکری مدد بھی کرے۔ مجید غوری کا کہنا تھا کہ اگر عالمی برادری نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے سنجیدہ کوششیں نہ کیں تو ایٹمی طاقتوں کے ٹکراؤ کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ جائیگا پھر یہ جنگ محدود نہیں رہے گی پورا خطہ اس کی لپیٹ میں آ جائیگا۔ حکمران کشمیر کے لیئے جہاد کا اعلان کریں ہم لبیک کہتے ہوئے حاضر ہیں۔ کشمیر مذمت نہیں مرمت سے آزاد ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی سینئررہنما تحریک لبیک یارسول اللہ صاحبزادہ پیراعجازاشرفی نے ہفتہ وار لبیک یارسول اللہ اجتماع اچھرہ لاھور میں موضوع کشمیر کیسے آزاد ہوگا پرکیا۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم و تحریک صراط مستقیم کی دعوت پر ملک بھر میں کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ لاہور میں تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک و سلم کے سربراہ ڈاکٹر محمدا شرف آصف جلالی کی قیادت میں ’’دفاع بیت المقدس و کشمیر مارچ‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ مارچ کی قیادت تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک و سلم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی، پیر محمد امین اللہ نبیل سیالوی، علامہ محمد صدیق مصحفی، اور علامہ فیاض وٹو نے کی۔ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہاہمیں 6ماہ سے محصور و مجبور کشمیریوں کو ’’ہم تمہارے ساتھ ہیں‘‘ کہتے بھی شرم آرہی ہے۔ کیا یہ المیہ نہیں کہ بے بس کشمیری ہر وقت ہماری طرف دیکھ رہے ہیں اور ہم ادھر دیکھنے کی بجائے کسی اور کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ لہو لہو کشمیر کے لیے اب شمشیر ناگزیر ہو چکی ہے۔مارچ میں مفتی محمد زاہد نعمانی، علامہ محمد فیاض فرقانی،صاحبزادہ مرتضیٰ علی ہاشمی،قاری صغیر اعوان، چودھری شاہد محمود نمبردار، علامہ امانت علی سرداری، قاری محمد اصغر ترابی، مفتی محمد عبدالکریم جلالی، ڈاکٹر محمد عمران جلالی، مفتی محمد حذیفہ جلالی، مولانا محمد شعبان قادری، مولانا عرفان علی نقشبندی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام ملک گیر’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ منایا گیا اس سلسلہ میں ملک بھر میں یکجہتی کشمیر ریلیوں کا اہتمام کیا گیا اور مسئلہ کشمیر کے موضوع پر سیمینارز کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے جھنگ بازار فیصل آباد میں کشمیر ریلی اور جامعہ رضویہ کشمیر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ابھی نہیں تو کبھی نہیں والی پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔ لاہور میں سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام المرکز الاسلامی شاد باغ لاہور میں منعقدہ یکجہتی کشمیر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد حسیب قادری نے کہا کہ تقسیم ہند کے اصولوں پر ایمانداری سے عمل کیا جاتا تو مسئلہ کشمیر کبھی پیدا نہ ہوتا۔ بھارت نے مقبوضہ وادی کو جیل میں تبدیل کر رکھا ہے۔جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صد ر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیراعجاز احمد ہاشمی کی ہدایت پر جے یو پی کی تنظیموں نے ملک بھر میں یوم اظہار یکجہتی کشمیر منایا۔ اس حوالے سے مختلف شہروں اور قصبوں میں ریلیاں نکالی گئیں اور احتجاجی مظاہرے کیے گے۔ پیر اعجا ز ہاشمی نے کہا واضح کیا ہے کہ کشمیر پر کسی قسم کی سودے بازی کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔پاکستان علماء کونسل اور وفاق المساجد والمدارس پاکستان کی اپیل پر گزشتہ روز ملک بھی میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا.مختلف شہروں میں کشمیریوں کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں اور اجتماعات منعقد کئے گئے جن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علماء کونسل و صدر وفاق المساجد و المدارس پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ،مولانا اسعد زکریا قاسمی ، علامہ عبدالحق مجاہد، مولانا عبدالکریم ندیم ، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا محمد رفیق جاری ، مولانا محمد ایوب صفدر ، قاضی مطیع اللہ سعیدی ، مولانا اسد اللہ فاروق،علامہ طاہرالحسن، مولانا اسعید الرحمٰن سعید، مولانامحمد اشفاق پتافی، مولانا نعمان حاشر ، مولانا عزیز اکبر قاسمی ، مولانا محمد اسلم صدیقی ، پیر اسد حبیب شاہجمالی، مولانا عثمان بیگ فاروقی، مولانا ابوبکر شاہ و دیگر نے کہا کہ کشمیر اپنی تاریخی حیثیت میں نئے عالمی اصولوں اور سیاسی و ریاستی اخلاقیات کا منہ چڑانے والا تنازع ہے۔ جمعیت علماء پاکستان لاہور کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف مال روڈ پر احتجاجی مطاہرہ کیا گیا مظاہرے کی قیادت جمعیت علماء پاکستان لاہور کے صدر مولانا محمد نعیم جاوید نوری، حافظ لیا قت علی،مولانا غلام مصطفیٰ سیالوی، مولانا فیضان علی،قاری نصیر اور حافظ مقصود نے کی۔ پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے زیراہتمام چیئرنگ کراس پر یوم کشمیر کے موقع پر عظیم الشان جلسہ منعقد ہوا۔ جلسے کے آغاز پر پاکستان اور آزادکشمیر کے ترانے سنائے گئے اور سائرن بھی بجایا گیا۔ جلسے میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، سنٹرل پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری، صوبائی وزراء اور سنٹرل پنجاب کے سینئر نائب صدر عامر گجر، جنرل سیکرٹری علی امتیاز وڑائچ، لاہور شمالی و جنوبی کے صدور غلام محی الدین دیوان، ملک ظہیر عباس کھوکھر، جنرل سیکرٹریز مہر واجد عظیم، میاں اکرم عثمان سمیت دیگر قائدین اور ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی۔ سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے سامنے جس طرح کشمیر کا مقدمہ لڑا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔بھارت نے 80 لاکھ انسانوں کو قیدر کررکھا ہے۔ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہے اور ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ حافظ آباد میں بھی یوم یکجہتی کشمیر ملی جوش و جذبہ سے منایا گیا۔ ڈسٹرکٹ کمپلیکس سے ایک بڑی کشمیر ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر نوید شہزاد مرزا، ایم این اے چودھری شوکت علی بھٹی، ڈی پی او بلال افتخار اور چودھری فاروق جعفر تارڑ نے کی ۔ریلی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عدنان ارشاد چیمہ، اے ڈی سی جنرل نعیم اللہ بھٹی، اے ڈی سی فنانس حامد ناصر ،اسسٹنٹ کمشنر طیب طاہر ،چودھری سکندر نواز بھٹی سمیت محکمہ تعلیم، صحت، لائیو سٹاک، ریسکیو 1122، سپورٹس ،پاپولیشن ویلفیئر، کالجز، سوشل ویلفیئر، پولیس دیگر سرکاری افسران، اساتذہ، طلبائ، سیاسی، سماجی تنظیموں کے نمائندوں، اور شہریوں کی بڑی تعدادا نے شرکت کی۔ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کشمیر ریلی علی پور روڈ سے نکالی گئی جس کی قیادت ضلعی امیر پروفیسر محمد ایوب طاہر ، امان اﷲ چٹھہ و دیگر نے کی۔ ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے فوارہ چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ پاکستان سنی تحریک کے زیراہتمام کشمیر ی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک ریلی جامعہ الفاروق سے نکالی گئی جس کی قیادت سنی تحریک کے صوبائی راہنما سید عثمان شاہ نقوی و دیگر نے کی۔ شیخوپورہ میں کشمیر کمیٹی کے زیراہتمام کشمیر کمیٹی کے چیئرمین چوہدری شہزاد علی ورک کی قیادت میں اظہار یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی ،جو واپڈا کمپلیکس سے شروع ہو کر لاہور سرگودھا روڈ جس گزرتی ہوئی چوک یاد گار جناح پارک پہنچ کر ایک بڑے جلسے کی شکل اختیا ر کرگئی ریلی میں ،واپڈا پیغام یونین کے عہدیداران ملک ولائت علی ،میاں مقبول احمد ،حاجی اکرم ورک ،مسلم لیگ (ق ) کے سٹی صدر ملک قمر عباس ،پی ٹی آئی کے رہنمائوں حاجی غلام نبی ورک ،مبشر چوہدری ،انجمن تاجران کے صدر امجد نذیر بٹ ،ڈومیسٹک ورکر اسد الرحمن ،سیکر ٹری بار شیخوپورہ ملک جاوید کھوکھر ،چوہدری عمران یوسف ورک ،چوہدری فلک شیر سمیت مذہبی ،دینی ،سیاسی جماعتو ں اور واپڈاپیغام یونین کے عہدیداران نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلع قصور میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا گیا ، کشمیری بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی گئیں ،سیمینارز کا انعقاد کیا گیا اور انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی اور پاکستان اور آزادکشمیر کے قومی ترانے بجائے گئے۔ مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ پبلک سکول قصور میں ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر قصور محمد اظہر حیات نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ جبکہ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حنا ارشد ، اسسٹنٹ کمشنرقصور انعم زید ، چیئرمین وزیر اعلی شکایت سیل قصور سردار فاخر ایڈووکیٹ ، پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسز مزمل مسعودبھٹی ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجو کیشن مسز ناہید واصف ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر نذیر احمد ، پرنسپل ڈی پی ایس کرنل (ر) محمد عدیل ، ایڈمنسٹریٹر محمد جہانگیر چوپڑا ، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر ریاض احمد ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ملک طارق محمود ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عباد علی جتالہ ،ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر نوید شوکت ، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز عبدالغفار ڈوگر ،ایکسئین بلڈنگ محمد ارشد،ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر لائیق چوہدری ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع نوید امجد ، طلباء و طالبات ، اساتذہ اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ملک بھر کی طرح ننکانہ صاحب میں بھی ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیرکے سلسلہ میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاںنکالی گئیںاور انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی یوم یکجہتی کشمیر کی مرکزی ریلی محمد طاہر شہید چوک شروع ہوکر کشمیرروڈ سے ہوتی ہوئی پریس کلب چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی، ریلی کی قیادت پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی میاں محمد عاطف، ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد،ڈی پی او اسماعیل الرحمان کھاڑک، جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار آصف علی بھٹی ودیگر نے کی ریلی میں ضلعی افسران اساتذہ ،سول سوسائٹی ، پولیس کے جوانوں،خواتین اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ڈائریکڑ جنرل ریسکیو 1122 پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایات پر ریسکیو 1122گوجرانوالہ کے افسران، ریسکیو اہلکاروں اور ریسکیو محافظوں نے اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اظہار کیا۔سنی اتحاد کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر یوم یکجہتی کشمیر جوش و خروش سے منایا گیا.بعد نماز فجر تمام مساجد میں دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور شیخوپورہ موڑ جی ٹی روڈ سے لیکر شیرانوالہ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی، ڈویژنل صدر الحاج سرفراز احمد تارڑ، مفتی غلام نبی جماعتی، صاحبزادہ محمد نعمان صدیقی،حافظ محمد منشاء قادری، قاری امتیاز احمد سلطانی، قاری خالد محمود کیلانی،علامہ محمد عمر صدیقی، قاری عبدالغفار سیالوی، اور دیگر نے خطاب کیا۔سنی تحریک کے جنرل سیکرٹری پنجاب محمد زاہد حبیب قادری نے جی ٹی روڈ سے نکالی جانے والی یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے کہاکہ پاکستان کا بچہ بچہ اپنے نہتے کشمیری بھائی کے ساتھ کھڑا ہے۔ جما عت اسلا می سٹی کے زیر اہتما م ’’یوم یکجہتی کشمیر ‘‘ کے سلسلہ میں ریلی نکا لی گئی ،جس کی قیادت سٹی امیر مظہر اقبا ل رندھا وا اور سٹی صدر جے آئی یو تھ خرم سلیم کھو کھر نے کی۔ جماعتِ اہلِ سنت پاکستا ن اور، جماعت رضائے مصطفی پاکستان ،سنی فورس کے زیر اہتمام جامع مسجد شیرِ ربانی گوندانوالہ پھاٹک سے یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی۔ ریلی جانشین نباضِ قوم الحاج صاحبزادہ پیر محمد دائود رضوی امیر جماعت رضاے مصطفی پاکستان کی قیادت میں نکالی گئی جو کہ شیرانوالا باغ جی ٹی روڈ پہ اختتام پذیر ہوئی ریلی میں علامہ خالد حسن مجددی، امیر جماعت حاجی محمد یعقوب چشتی حافظ محمد رفیق قادری ضلعی ناظم،سنی تحریک کے صوباء راہنما محمد زاہد حبیب قادری،ڈویژنل صدر حافظ طاہر رضا قادری، حافظ مہر محمد عدیل عارف سالار سنی فورس ،جمعیت علماے پاکستان کے مولانا شبیر صدیقی, ملک محمد جاوید چشتی, چوہدری محمد اقبال ہنجرا , چوہدری شاذب چٹھہ مصطفائی تحریک ودیگرر قایدین نے خصوصی شرکت کی۔اہلحدیث یوتھ فورس سٹی گوجرانوالہ کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر ریلی مرکز اھلحدیث 41 بی ماڈل ٹان سے سٹی صدر اھلحدیث یوتھ فورس قاری سعد امین اور مرکزی چیئرمین کشمیر کمیٹی مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان مولانا محمد نعیم بٹ کی زیر قیادت نکالی گئی۔ ریلی میں سٹی جنرل سیکرٹری فیصل شہزاد یزدانی اور سٹی راہنما مرکزیہ علامہ فاروق عاصم حافظ عبدالسلام زاھد حافظ عثمان اسحاق خواجہ ظہیر الاسلام مولانا عبداللہ فاروقی حاجی محمد ارشد بٹ عبدالقیوم صاحب حمزہ منیر پروفیسر نعمان ودیگر شریک ہوئے۔نیو واسا لیبر یونین سی بی اے کے زیر اہتمام مقبوضہ جموں اور کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی ریلی کی قیادت صدرواسا سی بی اے یونین جہانزیب ارشاد چٹھہ،جنرل سیکرٹری رانا توقیر حسین، صد ر آل پاکستان پی ڈبلیو ڈی ورکرز یو نین سی بی اے حاجی افتخار احمد ملک ،سینئر نائب صدر طارق وسیم ڈار، چیئرمین عماانوئیل غوری نے کی۔سٹی ٹریفک پولیس کے زیر اہتمام مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سی ٹی او آصف صدیق کی قیادت میں ریلی نکالی گئی سٹی ٹریفک پولیس کی یکجہتی کشمیر ریلی لاری اڈا سے شروع ہوکر شیخوپورہ موڑ سے ہوتی ہوئی گوندلانوالہ چوک ٹریفک کیمپ جاکر اختتام پذیر ہوئی ریلی میں ٹریفک پولیس کے افسران ، عملہ ، سول سوسائٹی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ریلی کے شرکاء نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے نعرے بازی بھی کی۔ مسلم لیگ ن کے زیر اہتما م یوم یکجہتی کشمیر پر ایک ریلی نکالی گئی جس میںسابق وفاقی وزیر خرم دستگیر خان ایم این اے،سٹی صدر ایم پی اے حاجی عبدالرئوف مغل ڈویژنل جنرل سیکرٹری توفیق بٹ ایم پی اے ، ضلعی صدر مستنصر علی گوندل ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری شازیہ سہیل میر، سابق ایم پی اے پیر غلام فرید، ایم پی ایز عمران خالد بٹ، حاجی نواز چوہان، حاجی وقار احمد چیمہ، حاجی امان اللہ وڑائچ،سابق میئر شیخ ثروت اکرام اور دیگر نے خصوصی شرکت کی، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر ورکن قومی اسمبلی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ بھارت کے لئے کشمیریوں کو اپنے زیر تسلط رکھنا اور مقبوضہ کشمیر پرغاصبانہ قبضہ جمائے رکھنا زیادہ دیر تک ممکن نہیںبھارتی فوج ظلم و ستم کے باوجود کشمیریوں کے دلوں سے پاکستان کی محبت نہیں نکال سکی،پاکستان کا پرچم اٹھا کر آزادی کا نعرہ لگانے والے کشمیریوں کیلئے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ایم ایس سوشل سیکیورٹی ہسپتال ڈاکٹر طیب سرور میر کی زیر قیادت یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی بڑی تعداد موجود تھی ریلی سوشل سکیورٹی ہسپتال سے شروع ہو کر جی ٹی روڈ پر اختتام پزیر ہوئی۔یوم کشمیر کے حوالے سے شیخوپورہ میں کشمیر کمیٹی کے زیراہتمام کشمیر کمیٹی کے چیئرمین چوہدری شہزاد علی ورک کی قیادت میں اظہار یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی ،جو واپڈا کمپلیکس سے شروع ہو کر لاہور سرگودھا روڈ جس گزرتی ہوئی چوک یاد گار جناح پارک پہنچ کر ایک بڑے جلسے کی شکل اختیا ر کرگئی۔ ریلی میں ،واپڈا پیغام یونین کے عہدیداران ملک ولائت علی ،میاں مقبول احمد ،حاجی اکرم ورک، مسلم لیگ (ق ) کے سٹی صدر ملک قمر عباس ،پی ٹی آئی کے رہنمائوں حاجی غلام نبی ورک ،مبشر چوہدری ،انجمن تاجران کے صدر امجد نذیر بٹ ، ڈومیسٹک ورکر اسد الرحمن، سیکرٹری بار شیخوپورہ ملک جاوید کھوکھر ،چوہدری عمران یوسف ورک ،چوہدری فلک شیر سمیت مذہبی ،دینی، سیاسی جماعتو ں اور واپڈا پیغام یونین کے عہدیداران نے شرکت کی۔ پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام یوم کشمیر کے موقع پر اظہار یک جہتی کیلئے موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی جس کی قیادت صدر سنٹرل پنجاب ریحان مقبول نے کی، ریلی میں چوہدری افضل وڑائچ ،عبدالحمید مصطفوی، محمد عارف سلہریا، آصف سلہریا، امتیاز قادری، رانا جہانزیب، نعیم چوہدری ایڈووکیٹ ، صوفی محمد طفیل ڈار، محمد شکیل اعوان، محمد عرفان مشتاق و دیگر رہنمائوں اور کارکنا ن کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، ریلی عوامی سیکرٹریٹ سے شروع ہو کر بتی چوک سے ہوتی ہوئی جناح پارک پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئی۔
مظفرآباد (سلیم پروانہ، نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019ء کا مقبوضہ کشمیر کے حوالہ سے مودی سرکار کا اقدام کشمیریوں کی آزادی کا سبب بنے گا۔ حکومت پاکستان تنازعہ کشمیر حل ہونے تک کشمیریوں کی بھرپور انداز میں سیاسی، اخلاقی، سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔ ہم دنیا کے ہر فورم پر مقدمہ کشمیر لڑنے کے ساتھ بھارتی حکومت اور ان کے آر ایس ایس کے فلسفہ کو بے نقاب کر تے رہیں گے۔ حکومت پاکستان میڈیا، سیاسی وسفارتی محاذ پر مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے اپنا موثر کردار ادا کرے گی۔ کشمیری قیادت کی تجاویز کا خیر مقدم کریں گے، کشمیری قیادت، حریت کانفرنس آپس میں مشاورت کر کے وزیر خارجہ پاکستان کے ساتھ میٹنگ کے بعد مجھ سے ملاقات کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یک جہتی کشمیر کے موقع پر دورہ آزاد کشمیر کے موقع پر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ آزاد کشمیر اسمبلی مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے اپنے اندر مایوسی پیدا نہ کریں، مایوسی گنا ہے، قوموں پر مشکل وقت آتے ہیں، جو اس مرحلہ پر ثابت قدم رکھتے ہیں وہ عظیم قوم بن کر کامیابی حاصل کر تے ہیں انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے 5 اگست کو جو قدم اٹھایا اس سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا، بھارت کا چہرہ اور آر ایس ایس کا فلسفہ دنیا کو سمجھانے میں ہمیں مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ مودی کو عام انتخابات میں پاکستان مخالف مہم شروع کر کے مینڈیٹ حاصل کیا اور انتہا پسندی کی سوچ کو فروغ دیا جو بھارت کے اندر مسائل پیدا کر رہی ہے میں نے دنیا کے ہر فورم پر مقبوضہ کشمیر کے ھالات اور آر ایس ایس کا فلسفہ بیان کر کے تائید حاصل کرنے کے اقدامات شروع کر دیے ہیں، میں نے حکومتوں اور محکموں کے سربراہان سے ملاقات میں کشمیریوں کے امنگوں کی ترجمانی کی ہے،انہوں نے کہا کہ مجھے علم ہے کہ مغرب کس بات سے متاثر ہوگا، انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کے اقدام سے پچاس کروڑ افراد اور بیس کروڑ مسلمان متاثر ہونگے، مسلمان ،عیسائی، سکھ زیر عتاب کر ردیے گئے ہیںِ اقلیتیں عدم تحفظ کا شکار ہو گئی ہیں، وہ اپنے حق کیلئے آواز بلند کر رہی ہیں بھارت کے اندر سے بھارتی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف جو آوازیں اٹھ رہی یں اس میں سب لوگ شامل ہیں، بھارت نے اپنے پائوں پر خود کلہاڑی مار دی ہے۔ انہوں نے ہا کہ انتہا پسندی کا جن بوتل سے باہر آگیا ہے۔ نفرت کے فلسفہ کو فروغ دینے سے تباہی ،خون خرابہ ہوتا ہے۔ 80 لاکھ کشمیری مقبوضہ کشمیر میں اذیت ناک زندگی بسر کر رہے ہیں وہ اس ماحول و اذیت میں سرخرو ہونگے انہیں کامیابی حاصل ہوگی ہم ان کے سفیر بن کر آواز بلند کر تے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی پالیسیوں سے مذاحمت بھارت کے اندر پیدا ہو گئی ہے انہوں نے کہا کہ مودی نے اعلان کیا ہے گیارہ روز میں پاکستان فتح کر سکتے ہیں ایک ایٹمی ملک کا سربراہ دوسرے ایٹمی ملک کے حوالہ سے ایسا بیان جاری کر کے ثابت کر رہا ہے کہ وہ نارمل انسان نہیں ہے، مودی اپنے انتہا پسندوں کو خوش کر رہا ہے آرمی چیف بھارت کہتا ہے کہ پارلیمنٹ اجازت دے تو آزاد کشمیر حاصل کر سکتے ہیں،بھارت مقبوضہ کشمیر میں کوئی ڈرامہ کر سکتا ہے ہمیں موقع نہیں دینا چاہیے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو اسلام کے ساتھ جوڑ دیا جاتا ہے ۔ دہشت گردی سے کوئی تعلق اسلام کا نہیں ہوتا ہے کے بعد مسلمانوں پر تشدد شروع ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ یورپی یونین ،امریکہ ،یو کے سمیت دنیا کے اہم ممالک نے کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کی ہے ، وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ وہ ڈیموکریٹ ہیں دنیا کی تاریخ نے ثابت کیا ہے کہ ڈیموکریسی بری حالت میں بھی سب سے بہتر نظام ہے، مغرب میں ڈیموکریسی آگے بڑھی ہے، ہمارے ہاں بادشاہت نے فروغ پایا ہے جہاں ڈیموکریسی ہے وہاں عوام کے مسائل حل ہوتے ہیں خوشحالی ان ممالک میں ہوتی ہے جہاں صاف ستھری، گڈ گورننس والی حکومت ہوتی ہے جہاں کرپشن ہوتی ہے وہاں عوام مسائل کی دلدل میں ہوتے ہیں ،میری لڑائی کسی سے ذاتی نہیں ہے میرے گھر میں کوئی چوری کرے تو اس کو کیسے معاف کر سکتے ہیں، پاکستان ہمارا ملک اور گھر ہے مجھے کرپٹ لوگوں سے مفاہمت کا نہ کہیں، میں کرپٹ لوگوں سے مفاہمت نہیں کر سکتا ہوں، میری کسی سے ذاتی لڑائی نہیں ہے سپیکر گیلری میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور، چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام ،جے بی کے ڈپٹی سپیکر وزیر داخلہ بلوچستان سمیت سیاسی شخصیات اعلیٰ بیوروکریسی کے ارکان بھی موجود تھے۔
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے لیے ہماری غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی۔ پائیدار امن ابھی تک ایک خواہش سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔ ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت اور استعداد رکھتے ہیں لیکن امن کی خواہش اور بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں کے نقصانات کے مدنظر صبر و تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اِس سال 5 فروری یکجہتی کے اظہار سے بڑھ کر ہے اور آج ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ وہ ثابت قدمی سے بھارتی جبر و استبداد کا مقابلہ کر رہے ہیں، ہم کشمیریوں کے حوصلے اور ہمت کی داد دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ یوم یکجہتی کشمیر مذموم بھارتی جارحیت کے تناظر میں منایا جا رہا ہے، بھارتی جارحیت کا مقصد کشمیریوں کے حقوق کو غصب کرنا اور طاقت کے استعمال سے دبانا ہے۔ وادی کو جیل میں تبدیل کرتے ہوئے لاکھوں کشمیریوں کو قید کیا گیا ہے، کشمیری، مرد، خواتین، بوڑھے، بچے اور بیمار، اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں اپنا حق خود ارادیت حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہم کشمیریوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ اس جدو جہد میں وہ اکیلے نہیں ہیں، ہم کشمیریوں کی تکالیف اور بہتر کل کے خوابوں میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑنے میں اپنا کردار ادا کر تے رہیں گے اور کشمیریوں کے لیے ہماری غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی۔ بھارتی افواج جان بوجھ کر آزاد کشمیر کی شہری آبادی کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ ہمارے فوجی جوان اور شہریوں کی لازوال قربانیاں جدوجہد کشمیر کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی اپنے فرائض کی انجام دہی میں مستعد ہے۔ہم ہر قیمت پر ثابت قدمی سے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے اپنے پیغام میں کہا سات دہائیوں سے یو این قراردادوں کے برعکس کشمیری بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں، مسلح افواج مشکل کی اس گھڑی میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہیں۔ ائر چیف مارشل مجاہد انور خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم یقین دلاتے ہیں کہ ہم ہر مشکل میں ان کے ساتھ رہیں گے۔ چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ہم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
سرینگر (این این آئی+ کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران بدھ کے روز سرینگر میں دو کشمیری نوجوان شہید کر دیئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض فوجیوں نے نوجوانوں کو سرینگر کے علاقے لاوے پورہ شالہ ٹینگ میں محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ قبل ازیں اسی علاقے میں ایک حملے میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ ایک اور زخمی ہو گیا تھا۔ آخری اطلاعات تک علاقے میں بھارتی فوج کا محاصرہ جاری تھا۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔دریں اثنا ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے ضلع کولگام کے علاقے بوگام میں بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ بڑی تعداد میں شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے ہر سال 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے طورپر منانے پر پاکستان کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ رواں سال یہ دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ دن جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بھارت کے غیر قانونی اقدام کے تناظر میں منایا جارہا ہے ۔بھارت کا یہ یکطرفہ اقدام بین الاقوامی اقدار اور کشمیر کے بارے میںاقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان وہ واحد ملک ہے جو کشمیریوںکے حق خودارادیت کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت جاری رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے باعث اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے دو اجلاس ہوئے جن میں مسئلہ کشمیر پر غور کیا گیا۔حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق ،پروفیسر عبدالغنی بٹ، کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما حکیم عبدالرشید ،محمد شفیع لون ، خواجہ فردوس وانی ، عبدالصمد انقلابی ، جموں وکشمیر پیپلز لیگ ، جموں وکشمیر ینگ مینز لیگ ،تحریک وحدت اسلامی اور دیگر تنظیموںنے بھی یوم یکجہتی کشمیر منانے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ادھر پلوامہ ، سرینگراورشوپیاں میںمتعدد مقامات پر مظاہرے کئے گئے ۔ مختلف علاقوں میں کئی مقامات پر آزادی کے حق میں پوسٹر آویزاں کئے گئے۔ بھارتی سول سوسائٹی اور صف اول کی صحافیوں پر مشتمل پانچ خواتین کے گروپ نے مقبوضہ کشمیر کے دورے کے بعد انکشاف کیا ہے کہ 5 اگست سے ستمبر تک 13 ہزار نوجوانوں کو حراست میں لیاگیا۔ کے پی آئی کے مطابق زیادہ تر کو ان کے گھروں سے اٹھایا گیا اور تحویل میں لئے جانے والوں میں نابالغ لڑکے بھی شامل تھے۔ بھارتی اخبار کے مطابق سابق وزرائے اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ‘ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی کی فوری رہائی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن