• news

آئی سی سی نے پنڈی ٹیسٹ کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر) آئی سی سی نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا ہے۔ کل سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں رچی رچرڈسن میچ ریفری جبکہ نائجل لونگ اور کرس گیفنی آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں، ماریز ایریزمیس ٹی وی امپائر اور شوزب رضا فورتھ امپائر ہوں گے۔ رچی رچرڈسن دوسری مرتبہ پاکستان آرہے ہیں۔ وہ اس سے قبل ستمبر2017 میں آئی سی سی ورلڈالیون ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے دوران بھی میچ ریفری کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ سابق ویسٹ انڈین کرکٹر رچی رچرڈسن بطور کرکٹر 1985 سے 1996 کے دوران پاکستان میں 21 ایک روزہ اور 6ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں۔ کرس گیفنی اور ماریز ایریزمس پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں تاہم نائجل لونگ ا س سے قبل بھی پاکستان میں 6 ایک روزہ میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ نائجل لونگ کا راولپنڈی میں امپائرنگ کا یہ پہلاتجربہ ہوگا وہ اس سے قبل پاکستان کے تین مختلف شہروں کراچی (3)، لاہور(2)اور ملتان (1) میں امپائرنگ کرچکے ہیں۔ نائجل لونگ نے آخری مرتبہ پاکستان میں 2009 میں سری لنکا سیریز میں آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں نبھائیں تھیں۔7تا11فروری تک کھیلے جانے والے میچ کے آفیشلز میں پہلا ٹیسٹ میچ: نائجل لونگ اور کرس گیفنی (آن فیلڈ امپائرز)، ماریز ایریز مس (تھرڈ امپائر)، شوزب رضا (فورتھ امپائر) اور رچی رچرڈسن (میچ ریفری)شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن