کشمیر اور کشمیری ہمارے، ان کی آزادی کیلئے ہر حد تک جائینگے: مراد سعید
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے 5، اگست 2019 کے بعد جس موثر انداز میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پراجاگر کیا ہے اس کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت سے دور حاضر کے ہٹلر مودی کے نظریات عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکے ہیں۔ کشمیر کی آزادی تک ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں، انہوں نے ان خیالات کا اظہار یکجہتی کشمیر یوتھ کانفرنس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس کا اہتمام این ایچ اے نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری ایڈمنسٹریشن کے اشتراک سے کیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور،سینیٹرفیصل جاوید اور عالمی شہرت یافتہ لیڈر نیلسن منڈیلا کے داماد تھمبو مذی سمیت دیگر نے شرکت کی۔ مراد سعید نے کہا ہے کہ اس وقت پوری دنیا میں جس طرح کشمیر کا مسئلہ اجاگر کیا گیا ہے، اس سے پہلے کبھی نہیں کیا گیا ۔ آج مغربی میڈیا، اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل، یورپین یونین، ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت خود بھارت کے اندر سے کشمیریوں کے حق میں آوازیں بلند ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ آج مسئلہ کشمیر بین الاقوامی شہرت کا حامل ہو چکا ہے۔ کشمیر اور کشمیری ہمارے ہیں کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہم کشمیر کی آزادی کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔ وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اب وہ وقت قریب ہے کہ سات دہائیوں سے آزادی کے منتظر کشمیریوں کو ان کا حق ملے گا۔ سینیٹرفیصل جاوید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جس طرح کشمیر کاز کی آواز پوری دنیا میں اٹھا ئی، اس کی مثال ستر سالوں میں نہیں ملتی اور اب کشمیر کو آزادی مل کر رہے گی۔ اس موقع پر تھمبو مذی نے کشمیر کی آزادی کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کشمیریوں کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اظہار کیا۔