سابق برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کا محافظ طیارے کے بیت الخلاء میں پستول بھول گیا‘ انکوائری شروع
لندن (بی بی سی) سابق برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے ایک ذاتی محافظ کے دوران پرواز جہاز کے بیت الخلاء میں اپنی پستول بھول جانے کے واقع پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ برطانوی جریدے ڈیلی میل کے مطابق گزشتہ پیر کو نیویارک سے لندن آنے والی برطانوی فضائی کمپنی برٹش ائر ویز کی ایک پرواز پر ایک مسافر پستول بیت الخلاء میں دیکھ کر گھبرا گیا اور اس نے یہ پستول جہاز کے عملے کے حوالے کیا۔ برطانوی میٹرو پولیٹن پولیس ڈیوڈ کیمرون کو سابق برطانوی وزیراعظم ہونے کی حیثیت سے ذاتی محافظ فراہم کرنے کی ذمہ دار ہے۔ میٹروپولیٹن پولیس نے کہا ہے کہ مذکورہ سیکورٹی اہلکار کو جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا اس کو فوری طور پر ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے۔