حکومت مودی کے مظالم کیخلاف عالمی عدالت انصاف میں جائے: رحمان ملک‘ حریت رہنما
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) سینٹر رحمان ملک اور حریت رہنمائوں نے حکومت پاکستان سے مودی مظالم کیخلاف عالمی عدالت انصاف میں جانے کا مطالبہ کر دیا۔گزشتہ روز رحمان ملک کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات اور مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا آج کا دن کشمیری بہن بھائیوں کیساتھ یکجہتی کے اظہار و ان کے درد کو محسوس کرنے کا دن ہے۔ کشمیری حریت رہنما کے وفد میں حریت کانفرنس رہنما فاروق رحمانی، پرویز احمد ایڈوکیٹ، محمد حسین، منظورالحق، ناصر مرزا، سلطان بٹ، خواجہ نظیر احمد اور عادل مشتاق وانی شامل تھے۔ ملاقات میں کشمیر کی موجودہ صورتحال اور مودی مظالم کیخلاف مستقبل کا لائحہ عمل پر تبادلہ خیال و مشاورت ہوئی۔ سینٹر رحمان ملک نے کہا کہ کشمیری شہیدوں کو سلام اور حریت رہنما کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ یوم یکجہتی کشمیر کا مقصد دنیا کے سامنے بھارت کے سفاک مظالم کو بے نقاب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا عالمی دنیا بشمول اقوام متحدہ و او آئی سی کشمیر میں بھارتی مظالم پر خاموش ہیں۔ مودی آر ایس ایس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے جو بھارت سے اقلیتوں کا صفایا کرنا چاہتا ہے۔ اب بھی وقت ہے عالمی برادری جاگے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا یہ وہ وقت ہے کہ اب پاکستان بھی مظلوم کشمیریوں کا مقدمہ عالمی عدالت انصاف میں لے جائے۔ انہوں نے وزیراعظم و وزیرخارجہ کو مودی کیخلاف عالمی عدالت میں جانے کیلئے کئی خطوط لکھے۔ بھارتی فوج نے کرفیو کیوجہ سے مقبوضہ کشمیر میں دوران ہراست 23 نوجوان شہید اور 800 سے زائد غائب کر دئیے ہیں۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ کے مطابق 1989 سے 2018 تک 94,644 کشمیری قتل کئے گئے، بھارتی افواج نے 11,042 عورتوں کی گینگ ریپ اور ہزاروں جوانوں کو بینائی سے محروم کیا۔ رحمان ملک نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ بھارتی حکومت کو مجبور کرے کہ وہ فوری مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ہٹا ئے اور اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا جائزہ لینے کیلئے کمشن کشمیر بھیجے۔ سینیٹر رحمان ملک نے مطالبہ کیاکہ اقوام متحدہ فوری طور پر مقبوضہ کشمیر میں امن مشن بھیج کر حق خودرادیت کیلئے رائے شماری کرائے۔ رحمان ملک نے بتایا کہ میں نے کشمیر میں مودی مظالم پر کشمیر بلیڈنگ کے نام سے کتاب لکھی ہے میں اپنی کتاب کشمیر بلیڈنگ کشمیر کی بہادر بیٹی اِنشا مشتاق کے نام سے منسوب کرتا ہوں۔ آج حریت قائدین کیساتھ ملکر فیصلہ کیا اگر حکومت عالمی عدالت میں نہیں جاتی تو ہم خود جائیں۔ مودی دنیا کا سب سے بڑا دھشتگرد ہے جو اپنے لوگوں کو مروا رہا ہے۔ فاروق رحمانی نے کہا رحمان ملک کے حکومت سے کشمیر کے حوالے سے مطالبوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں، حریت رہنما فاروق رحمانی ہم اس فورم سے حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مودی کیخلاف عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ دائر کرے۔