پاکستان بھارتی مسلمانوں کو بھڑکا رہا ہے : مودی کی نئی منطق‘ لوک سبھا ، اپوزیشن کا ہنگامہ
نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھارتی عوام کے احتجاج پر بھی پاکستان کو موردالزام ٹھہرانا شروع کر دیا ہے۔ لوک سبھا میں خطاب کرتے ہوئے مودی نے الزام لگایا کہ پاکستان بھارتی مسلمانوں کو بھڑکانے کی کوشش کرتا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مودی تقریر کیلئے آئے تو اس دوران کانگریس سمیت اپوزیشن ارکان نے زبردست ہنگامہ آرائی کی۔ لوک سبھا میں اپوزیشن نے شہریت کے متنازعہ قانون پر مودی سرکار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ مودی نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارتی مسلمانوں کو بھڑکانے کی کوشش کرتا ہے۔ مظاہرہ کرنے والے بھارت کو ٹکڑے کرنے کی بات کرتے ہیں۔ بھارتی وزیراعظم نے اپنے خلاف ہونے والی تنقید کو گالی گلوچ قرار دیا اور کہا کہ گزشتہ دو عشروں میں انہیں جتنا برا بھلا کہا گیا‘ اس کے بعد اب وہ گالی پروف بن گئے ہیں۔