• news

جو کہا قائم ہوں، آئندہ بھی کہوں گی: شیریں مزاری، وزارت خارجہ سے متعلق بیان پر ڈٹ گئیں

اسلام آباد (نیٹ نیوز) وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری مسئلہ کشمیر سے متعلق وزارت خارجہ کے حوالے سے اپنے بیان پر ڈٹ گئیں۔ ایک بیان میں شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ میں نے جو کچھ کہا ہے اس پر قائم ہوں اور آئندہ بھی کہوں گی۔ مسئلہ کشمیر ایک ایسا معاملہ ہے جس پر انہوں نے چار دہائیوں تک کام کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترجمان دفتر خارجہ کے بیان کو حقائق کے برعکس پیش کیا گیا۔ دفترخارجہ کی بریفنگ میں ان کا نام لیا گیا اور نہ ان کے کشمیر کے بارے میں بیان سے متعلق کوئی کمنٹ دیا گیا۔ یاد رہے کہ 4 فروری کو قومی اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے مسئلہ کشمیر سے متعلق وزارت خارجہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگادیا تھا۔ خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے معاملے میں ہمارے ادارے خصوصاً وزارت خارجہ پوری طرح وزیراعظم عمران خان کو سپورٹ نہیں کرسکی۔ وزیراعظم عمران خان کشمیر وژن کو بہت آگے لے جاچکے ہیں، وہ سمجھتی ہیں کہ کشمیر کاز کو اجاگر کرنے کے لیے وسعت نظری کی ضرورت ہے جو دفتر خارجہ نہیں کرسکی۔

ای پیپر-دی نیشن