منی لانڈرنگ کیس، نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت مزید 2 ملزموں کی بریت کیلئے درخواست
اسلام آباد (نامہ نگار) جعلی بینک اکائونٹس میں اومنی گروپ کے سربراہ خواجہ انور مجید اور دیگر39 ملزمان کیخلاف گنے کی سبسڈی میں خورد برد کے ریفرنس میں مزید دوملزمان نے بریت کی درخواستیں دائر کردیں ہیں جس پر عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔ میگا منی لانڈرنگ کیس میں اومنی گروپ کے سربراہ خواجہ انور مجید اور دیگر انتالیس ملزمان کیخلاف گنے کی سبسڈی میں خورد برد کے ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔ سماعت کے دوران دومزید ملزمان نے نیب کے ترمیمی آرڈیننس 2019 کی روشنی میں بریت کی درخواستیں دائر کردیں۔ درخواستیں شریک ملزم سلمان یونس اور مصطفی ذوالقرنین کی جانب سے دائرکی گئیں جس پر عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔ دوسری طرف نیب کے پراسیکیوٹر سہیل عارف نے ملزمان کی عدم گرفتاری کی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نمر مجید، علی کمال مجید اور مناہل مجید تاحال گرفتار نہیں ہوئے۔ ملزمان پر 346ملین روپے کی خورد برد کا الزام ہے کیس کی مزید سماعت 18فروری تک ملتوی کردی گئی۔