• news

چینی کی برآمد پر پابندی کا فیصلہ: یوٹیلٹی سٹورز نے اشیاء خورد و نوش 30 روپے تک مہنگی کر دیں

لاہور/ اسلام آباد (کامرس رپورٹر/ نمائندہ خصوصی) یوٹیلٹی سٹورز پر گھی اور کوکنگ آئل سمیت مختلف اشیاء کی قیمتوں میں 5سے 30روپے تک اضافہ کر دیا گیا۔ درجہ دوئم گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت میں 5 سے 12روپے، درجہ سوئم گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت میں 5 سے 10، چاول کی قیمتوں میں 8 سے17، مختلف کمپنیوں کے جام کی قیمتوں میں 6 سے 30 روپے تک اضافہ کر دیا گیا۔ یوٹیلٹی سٹورز پر ٹوتھ پیسٹ، کیچپ اور بسکٹس کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب حکومت نے قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے چینی کی برآمد پر فوری طور پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھجوا دی گئی ہے۔یہ فیصلہ ملک میں چینی کی دستیابی یقینی بنانے اور قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لئے کیا گیا۔ اس فیصلہ کے ذریعے 3لاکھ ٹن چینی سے زائد چینی کی برآمد روکی جائے گی جبکہ چینی کی درآمد کی اجازت بھی دی جا رہی ہے۔ پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران اشیاء کی بیرونی تجارت میں پاکستان کو 13 ارب 75 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا تجارتی خسارہ ہوا جو گزشتہ سال سے 5 ارب 45 کروڑ ڈالر کم ہے۔ گزشتہ سال اس عرصے کے تجارتی خسارے کا حجم 19 ارب 20 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تھا تاہم جنوری کے دوران برآمدات میں دسمبر کے مقابلے میں 1.1 فیصد کمی دیکھی گئی جبکہ درآمدات میں بھی کوئی کمی نہیں ہوئی جس کے باعث جنوری کا تجارتی خسارہ دسمبر کے مقابلے میں ایک فیصد زیادہ رہا۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال سات ماہ کے دوران ملکی برآمدات کا مجموعی حجم 9 ارب 54 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال اس عرصے سے 2.1 فیصد رہا ہے جبکہ درآمدات پر 27 ارب 24 کروڑ 90 لاکھ ڈالرخ خرچ ہوئے جو پہلے سے 15.9 فیصد کم ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جنوری کی برآمدات کا حجم 1 ارب 97 کروڑ ڈالر رہا جو گزشتہ جنوری کے مقابلے میں 3 فیصد زیادہ تاہم اس دسمبر کی برآمدات سے 1.1 فیصد کم ہے جبکہ جنوری کی درآمدات 4 ارب 4 کروڑ روپے رہیں۔

ای پیپر-دی نیشن