چینی بحران کی ذمہ دار حکومت، عمران کے قریبی دوستوں کی ملوں کا سٹاک چیک کرایا جائے: شہباز شریف
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے چینی بحران اور قیمت میں اضافے کا ذمہ دار حکومت کو قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کرپٹ مفاد پرست ٹولے نے پہلے چینی ایکسپورٹ کی، اب امپورٹ کررہا ہے۔ چینی ایکسپورٹ کرکے قوم کا حق مارا گیا، اب امپورٹ کرکے قومی خزانے کو پھر نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ عمران نیازی کی سرپرستی میں بااثر حکومتی شخصیات چینی کے اربوں روپے کے خوفناک سکینڈل میں ملوث ہیں۔ عمران نیازی کے قریبی دوستوں کی چینی ملوں کا سٹاک چیک کرایا جائے۔ حکومت قوم کو بتائے کہ کس کس کی مل نے کتنی چینی باہر بھیجی؟۔ اس پر کتنا منافع کمایا؟۔ شریف خاندان کی ملکیت چوہدری شوگر اور رمضان شوگر مل کا ڈیٹا بھی نکلوایا جائے۔ عمران صاحب کے وزراء اور دوستوں کی ملوں میں چینی کے ذخیرے کی تفصیل سامنے لائی جائے۔ ملک میں گنے کی پیداوار 20 فیصدکم ہوئی تو چینی کی برآمد کی اجازت کیوں دی گئی؟۔ حکومت بتائے کہ بیرون ملک چینی برآمد کرنے والے نمبر ایک، نمبر دو اور نمبر تین پر کون سی حکومتی شخصیات ہیں؟۔ حکومت چور نہیں تو پارلیمانی کمیٹی کیوں نہیں بناتی تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے۔ پارلیمانی کمیٹی تحقیقات کرے کہ چینی کی برآمد، ذخیرہ اندوزی اور قیمت بڑھا کر کس نے ڈاکہ ڈالا؟ ابھی تک تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ اس لئے نہیں آئی کیونکہ نیازی اور وزراء ملوث ہیں۔