• news

نوازشریف کے پلیٹ لٹس کی بجائے لندن سے چمچوں، پلیٹوں کی کھنک آ رہی ہے: فردوس عاشق

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی بجائے لندن سے چمچوں پلیٹوں کی کھنک آتی ہے،نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ کے ساتھ مریض کا مینیو کارڈ بھی قوم کو بتایاجائے تاکہ قوم کو حقائق کا پتہ چل سکے۔ انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ محمد نوازشریف شدید بیماری کا بیان دے کر لندن گئے اور ابھی تک ہسپتال میں داخل نہیں ہوئے، ان کی میڈیکل رپورٹس نے بھی قطری خط کادرجہ حاصل کرلیا ہے، کہتے ہیں جب تک ہسپتال میں داخل نہیں ہوتے میڈیکل رپورٹس نہیں بھجواسکتے۔انہوں نے کہا کہ شریفوں نے قواعدوضوابط سے جو کھلواڑ کیا، اس کا سلسلہ اب بھی جاری ہے، اب میاں صاحب کے پلیٹ لیٹس کی خبر کی بجائے لندن کے ریستوران سے پلیٹوں اور چمچوں کی کھنک سنائی دیتی ہیں، میڈیکل رپورٹ کے ساتھ مریض کا مینیو کارڈ بھی قوم کو بتایاجائے تاکہ قوم کو حقائق کا پتہ چل سکے۔ انہوں نے کہا کہ لیگی رہنما سیاہ کو سفید نہیں کر سکتے، حمزہ شہباز کی ضمانت کا مطلب بریت نہیں، سچائی سے بھاگنے والوں کو بھاگنے نہیں دیں گے، عوام کو مزید گمراہ نہیں کیا جاسکتا قوم کے سامنے سچائی آکر رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا احسن اقبال صاحب جیلوں میں قید دیگر قیدیوں کی بھی بیٹیاں ہیں، وہ سوال کر رہی ہیں کہ ان سے امتیازی سلوک کیوں؟ ، ہرصورت قانون کی عملداری یقینی بنائیں گے۔فردوس عاشق اعوان نے بچوں سے زیادتی کے مجرموں کو سرعام سزائے موت کی قرارداد کی حمات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اہم ایشو پر ہم سب یکجا ہیں اس طرح کے مجرموں کو کوئی سیاسی جماعت یا معاشرہ تحفظ نہیں دیگا، پارلیمنٹ سے قرار داد منظور ہونا خوش آئند ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں پاکستان اور ایران کے عوام کے درمیان احساس اور درد کا رشتہ ہے دنیا نے ایران کے مثبت تشخص کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ ایران نے متعدد دورے کئے ایران کو بہت قریب سے سمجھتی ہوں، ایرانی قوم محنتی اور اپنے ملک سے وفادار ہے۔ ہمیں ایران سے بہت سے شعبوں میں استفادہ کی ضرورت ہے۔ ایران اور پاکستان کے باہمی تعاون سے فلمیں بنائی جائیں گی۔ ایرانی سینما کو پھر سے آباد کرکے قوم کو اسلامی تاریخ اور نظریات سے متعارف کرانا ہے، اسلامی تاریخ نظریات اور کلچر پر بنائی گئی فلموں کا اردو میں ترجمہ کیا جائیگا، آنے والے دنوں میں ایرانی فلمیں پاکستانی سینما گھروں کی زینت بنیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن