• news

حکومت نے مسئلہ کشمیراقوام عالم کے سامنے اجاگرکیا: مسعوداحمد صدیقی

لاہور (پ ر)تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کی صدارت صوفی مسعود احمد صدیقی نے کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت پیر سید عدنان اکرم نے حاصل کی ، جبکہ کالم نگار مرزا رضوان نے حضور نبی کریمؐ ؐکی بارگاہ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صوفی مسعود احمد صدیقی نے کہاکہ موجودہ حکومت مسئلہ کشمیر کا مقدمہ اقوام عالم کے سامنے بہت مخلصانہ انداز سے سرانجام دیا ہے۔ اگر ماضی کی حکومتیں بھی اسی طرح مسئلہ کشمیر کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کرتیں تو آج نتائج کچھ اور ہوتے ، اور مسئلہ کشمیر حل کے قریب ترین ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہدائے کشمیر کے ورثا کے ساتھ ہیں اور انشاء اللہ بہت جلد کشمیری مسلمان آزادی سے سرفراز ہونگے۔ آج ہم مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے افواج پاکستان کی کوششوں پر انہیں بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔تقریب سے پیر محمد رمضان نقشبندی ، پیر سید احمد ندیم شاہ ، پیر سید عدنان اکرم سمیت دیگر نے خطاب کیا۔ تقریب میں پیر سید احمد ندیم شاہ ، پیر محمد رمضان نقشبندی، پیر محمد عاصم نقشبندی،سکندر بھٹی ، فیصل نقشبندی ودیگر بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن