انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ، پاکستان تیسری پوزیشن کیلئے آج نیوزی لینڈ سے مدمقابل
لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ میں اپنے سفر کا اختتام جیت سے کرنے کا خواہشمند ہے۔تفصیلات کے مطابق روحیل نذیر کی زیر قیادت پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو آی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020ء کے پہلے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن بھارت سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ میچ میں ناکامی کے باعث پاکستان تیسری مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ جیتنے کا خواب پورا نہیں کر سکا۔ ایونٹ میں تیسری پوزیشن کیلئے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان مقابلہ آج ہوگا،میچ بینونی میں کھیلا جائے گا۔قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کے لیے پر عزم ہے، ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں کامیابی کے حاصل کر کے بھارت سے شکست کا غم بھلانا چاہتے ہیں۔ میچ کیلئے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی متوقع ہے، کمر کی تکلیف کے باعث فاسٹ باولر طاہر حسین نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں شرکت نہیں کریں گے۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کیلئے یہ میچ جیتنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔ بھارت سے یکطرفہ شکست کے بعد کھلاڑی دباؤ کا شکار تھے، تاہم ایک روز آرام کے بعد تمام کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس سیشنز میں شرکت کی ہے۔ سکواڈ میں شامل ہر فرد آج بینونی میں شیڈول میچ جیت کر ایونٹ کا اختتام جیت سے کرنے کا خواہشمند ہے۔ ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کو باور کرایا ہے کہ ہر دن ایک نیا دن ہوتا ہے اور وہ گزشتہ شکست کو ذہن سے نکال کر آئندہ میچ میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے توجہ دیں، مشکل حالات میں مایوسی کی بجائے بہترین اختتام بھی کھلاڑیوں کی ڈویلپمنٹ کا اہم حصہ ہے۔ بنگلہ دیش اور دفاعی چیمپئن بھارت کے درمیان میگا ایونٹ کا فائنل میچ کل کھیلا جائے گا۔