تیاری مکمل ‘بنگلہ دیش کیخلاف بھی میرا ڈیبیو ہے: عابد علی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) سری لنکا کے خلاف ڈیبیو ٹیسٹ میں سنچری بنا کر ریکارڈ قائم کرنے والے پاکستانی کرکٹر عابد علی نے بنگلہ دیش کے خلاف بھی ٹیسٹ کو اپنے لیے ڈیبیو قرار دے دیا۔ عابد علی نے کہا کہ اسی میدان پر ڈیبیو کیا تھا اور اب بنگلہ دیش کے خلاف بھی میچ میرے لیے ڈبیبو ہے۔ نیا میچ ہے نئی ٹیم ہے، اس لیے بنگلہ دیش کے خلاف بھی بیٹنگ ڈیبیو میچ کی طرح کرنا چاہتا ہوں۔ ڈیبیو میچ میں کامیاب رہا تھا اس میچ کے لیے پوری تیاری کی ہے، پنڈی کی وکٹ پر جو سیٹ ہوجاتا ہے وہ زیادہ سکور کر سکتا ہے، ڈیبیو میچ کی پرفارمنس دہرانے کے لیے تیار ہوں۔ اپنی باری کا انتظار ہے، حالات کے مطابق بیٹنگ کرنے کی کوشش کروں گا اور لمبی اننگز کھیلنے کا خواہشمند ہوں۔واضح رہے کہ عابد علی نے سری لنکا کے خلاف ڈیبیو ٹیسٹ میں سنچری سکور کر کے عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔ دائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے یہ سنگ میل سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے پانچویں روز حاصل کیا تھا، وہ ون ڈے اور ٹیسٹ کیریئر کی پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے دنیا کے واحد بیٹسمین ہونے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔32 سالہ عابد علی نے رواں سال آسٹریلیا کے خلاف دبئی میں کھیلے گئے ون ڈے میں ڈیبیو پر سنچری سکور کر کے نہ صرف اپنی سلیکشن کو درست ثابت کیا تھا بلکہ دنیائے کرکٹ کی توجہ کا مرکز بھی بھی بن گئے تھے۔