الپائن سکی کپ: خوشیم نے سلالم کیٹیگری میں بھی گولڈ میڈل جیت لیا
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر)چیف آف دی ائیر سٹاف قراقرم انٹرنیشنل الپائن اسکی کپ کی سلالم کیٹیگری میں تینوں میڈلز یوکرائن کے سکیئرز نے جیت لیے، خواتین کے ایونٹ میں پاکستان کی خوشیم کامیاب رہیں۔مالم جبہ اسکی ریزورٹ میں چوتھے چیف آف دی ائیر سٹاف قراقرم انٹرنیشنل الپائن سکی کپ کی سلالم کیٹیگری کے مقابلوں میں یوکرائن کے سکیئرز چھائے رہے اور تینوں میڈلز اپنے نام کرلیے۔ ویٹالی ایب نے طلائی، نازاری پیٹرک نے چاندی اور مائیکولا ڈیچوک نے کانسی کا تمغہ جیتا۔جائنٹ سلالم کیٹیگری میں سونے کے دو تمغے جیتنے والی پاکستانی سکیئرخوشیم صاحبہ نے سلالم کیٹیگری میں بھی سونے کا تمغہ جیت لیا۔نیشنل سکی چیمپئن شپ کے مقابلوں میں پاک فضائیہ کے محمد کریم نے سلالم کیٹیگری میں سونے اور گلگت بلتستان سکاوٹس کے میر نواز نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔جائنٹ سلالم کیٹیگری میں بھی محمد کریم نے سونے اورمیر نواز اور زاہد عباس نے بالترتیب چاندی اور کانسی کے تمغے حاصل کئے۔