• news

بی آئی ایس پی فنڈ ز میں بے ضابطگیاں افسروں کیخلاف تحقیقات کا آغاز

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)ایف آئی اے ذرائع کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے فنڈز میں بے ضابطگیوں کے معاملہ پر گریڈ17سے گریڈ20کے 16افسران کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ 16افسران کی بیگمات کے اثاثوں کی چھان بین کی جارہی ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے تک ان سرکاری افسران کے نا م ظاہر نہیں کئے جائیں گے۔بی آئی ایس پی پروگرام میں 2010سے2018تک ہونے والی بے ضابطگیوں پر تحقیقات کی جارہی ہیں۔ ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء کی ہدایت پر ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب ون لاہور کی سربراہی میں خصوصی ٹیم نے معاملہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔جن افسران کے خلاف تحقیقات کی جارہی ہیں ان میں گریڈ17کے10، گریڈ18کے دو ، گریڈ19کے تین اور گریڈ20کا ایک افسر شا مل ہے۔ ان 16سرکاری افسران کی بیگمات کے ملکی اور غیر ملکی اکائونٹس کی تفصیلات بھی منگوائی جارہی ہیں اور ان کی بھی چھان بین شروع کردی گئی ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک ان سرکاری افسران کے نام ظاہر نہیں کئے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن