پاکستان آکر بہت پیار ملا، ڈرنے والی کوئی بات نہیں: کپتان بھارتی کبڈی ٹیم
لاہور(نیٹ نیوز) کبڈی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بھارت کی کبڈی ٹیم لاہور پہنچ گئی۔ سپورٹس بورڈ ترجمان کے مطابق پنجاب بورڈ کے حکام نے غیر ملکی کھلاڑیوں کا استقبال کیا اور پھول پیش کئے۔ بھارتی کبڈی ٹیم واہگہ کے راستے لاہور پہنچی ہے۔کبڈی ورلڈکپ کے لیے شرکت کرنے والی بھارتی کبڈی ٹیم کے کپتان گرلال سنگھ کا کہنا ہے کہ پاکستان آ کر بہت عزت ملی ہے۔ پاکستان بھارت میں موسم بہت اچھا باقی ملکوں میں ایسا موسم نہیں ہے۔ پاکستان کی ٹیم بہت مضبوط ہے، مقابلہ اچھا ہوگا۔ ہماری ٹیم کے تمام کھلاڑی سینئر کھلاڑی ہیں دیگر کھلاڑی بھی کل تک آجائیں گے۔ پاکستان میں آکر ڈرنے کی کوئی بات نہیں ہے۔ ہماری زبان اور ثقافت آپس میں ملتے ہیں۔ پاکستان میں آکر بہت پیار اور عزت ملی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہر کھیل کے مقابلے ہونے چاہئیں۔ پاکستان اور بھارت کا مقابلہ ہمیشہ سے اچھا رہا ہے، دونوں ممالک میں موسم ایک جیسا ہے جس کی وجہ سے کبڈی کا ماحول بہت زبردست ملے گا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر پنجاب تیمور بھٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مثبت امیج کو پوری دنیا میں پہنچانا ہے، کبڈی ورلڈ کپ اور پاکستان سپر لیگ ہو رہے ہیں، آگے جا کر انٹرنیشنل میراتھن بھی کروانے کا ارادہ ہے۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کے آنے سے پاکستان کا نام روشن ہوگا ، پنجاب میں دس انٹرنیشنل ٹیمیں آئی ہیں۔