سرعام سزاؤں سے جرائم ختم نہیں ہونگیپہلے سزا یقینی بنائی جائے: سعید غنی
حیدرآباد (آن لائن) صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ دنیا بہت آگے نکل چکی ہے اور کئی ممالک میں سزا ئے موت کو ختم کیا جا رہا ہے۔ جرائم کی حوصلہ افزائی نہیں کرنی چاہیے بلکہ ہر جرم کی سزا لازمی ہونی چاہیے جس طرح آئین توڑنا ایک سنگین جرم ہے جو کہ پرویز مشرف نے کیا تھا۔ ان کو بھی ڈی چوک پر لٹکائے جانے کی سز ا سنائی گئی تھی۔ سرعام سزائیں دینے سے جرائم کو ختم نہیں کیا جا سکتا، سزا کو پہلے یقینی بنانا چاہیے۔ حیدرآباد بائی پاس پر لائیو سٹاک ایکسپو 2020 کا دورہ کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی آئی جی کی تبدیلی کے لیے مشاورت کو اتنا طویل نہیں کیا گیا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے آئی جی سندھ کی تبدیلی کو ایشو بنایا جارہا ہے جو کہ سندھ حکومت کو منہ چڑانے کے مترادف ہے۔ آئی جی سندھ اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سندھ حکومت کو للکاررہے ہیں اور تقریریں کررہے ہیں جبکہ کسی سرکاری افسر کو یہ اختیار حاصل نہیں ہے کیونکہ نہ صرف سندھ بلکہ وفاقی حکومت کی بھی واضح ہدایات ہیں کہ کو ئی بھی سرکاری افسر بغیر اجازت میڈیا سے بات نہیں کرسکتا۔ وفاقی حکومت آئی جی سندھ کے مسئلے کو حل کرنے کو تیا ر نہیں کیونکہ ہم سے پہلے دو نام مانگے گئے اور پھر دو مزید نام مانگے گئے۔ وفاقی حکومت اب تک معاملے کو مشاورت کے بہانے طول دے رہی ہے ۔