قومی اسمبلی‘سینٹ کا اجلاس آج‘ اپوزیشن کی جانب سے مہنگائی پر سخت احتجاج کا امکان
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی اور سینٹ کے اجلاس دو روزہ وقفے کے بعد آج)پیر( شام ہوں گے۔ اپوزیشن کی جانب سے مہنگائی پر سخت احتجاج کئے جانے کا امکان ہے، قومی اسمبلی میں اہم قانون سازی کے علاوہ مختلف امور پر بحث کی جائے گی، جبکہ، سینٹ میں پرائیوٹ ممبرز ڈے ہوگا‘ جس میںمزدوروں کی کم سے کم اجرت 30ہزار روپے مقرر کرنے اور پنشن میں100فیصد اضافے کی قرار داد سمیت دیگر اہم قرار دادیں پیش کی جائیں گی، سینیٹر جاوید عباسی کی جانب سے آئینی ( ترمیمی ) بل 2019ء منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا ۔ قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی صدارت میں سہ پیر 4بجے ہوگا، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا ہے جس کے مطابق اجلاس میں وقفہ سوالات کے علاوہ اہم قانون سازی کی جائے گی جبکہ مختلف امور پر توجہ دلائو نوٹس پیش کئے جائیں گے، دوسری جانب سینٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی صدارت میں سہ پہر4 بجے ہو گا، جس کے لئے سینٹ سیکرٹریٹ نے ایجنڈا جاری کر دیا ہے، اجلاس میں سینیٹرز کی جانب سے مختلف بل پیش کئے جائیں گے، اجلاس میں مختلف امور پر بحث کی تحاریک بھی پیش کی جائیں گی، سینیٹر سسی پلیجو پاکستان میں پولیو کیسز میں اضافے پر ڈبلیو ایچ اوکی رپورٹ پر بحث کرنے کی تحریک پیش کریں گی، سینیٹر عثمان خان کاکڑ آغاز حقوق بلوچستان پیکج کے عملدرآمد پر بحث کرنے کی تحریک پیش کریں گے، سینیٹر سراج الحق قرار داد پیش کریں گے کہ حکومت مزدوروں کے لئے کم سے کم اجرت30ہزار روپے طے کرنے کے لئے ضروری اقدامات کرے جبکہ پنشن میں100فیصد اضافہ کیا جائے ۔