ق لیگ سے مذاکرات، کمیٹی میں وزیر دفاع پرویز خٹک کو بھی شامل کرلیاگیا
اسلام آباد ( محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی ) پاکستان مسلم لیگ (ق) سے حکومتی مذاکراتی کمیٹی میں وزیر دفاع پرویز خٹک کو بھی شامل کر دیا گیا ہے تاہم جہانگیر ترین اس کمیٹی کا حصہ نہیں ۔ پاکستان مسلم لیگ (ق) کی اعلیٰ قیادت وزیر دفاع پرویز خٹک کی حکومتی مذاکراتی کمیٹی میں دوبارہ شامل کئے جانے کے مذاکرات پر آمادہ ہو گئی پنجاب اسمبلی کے سپیکر چوہدری پرویز الہی نے اسلام آباد میں آکر نئی کمیٹی سے مذاکرات کرنے سے انکار کر دیا تھا حکومتی مذاکراتی کمیٹی مسلم لیگ (ق) کی قیادت سے آج (پیر ) لاہور میں ملاقات کرے گی حکومتی مذاکراتی کمیٹی میں وزیر دفاع پرویز خٹک ، وفاقی وزیر اسد عمر ، گورنر پنجاب غلام سرور خان ، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود شامل ہیں جب کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کی نمائندگی چوہدری پرویز الٰہی ، مونس الٰہی ، طارق بشیر چیمہ او ر چوہدری سالک حسین کریںگے۔ پاکستان مسلم لیگ(ق) مذاکرات کا آغاز پرانی کمیٹی سے طے شدہ امور کے بعد کرے گی اور طے شدہ امور پر عمل درآمد کا تقاضا کرے گی ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ق) کی قیادت حکومتی عہدیداروں کی طرف جاری کئے گئے بیانات سے ہونے والی بد اعتمادی پر بھی بات کرے گی ۔