ہرنائی: سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکہ، ایک اہلکار شہید، 5 زخمی
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایک اہلکارشہید جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔ کوئٹہ میں پولیس کی فائرنگ سے 2 افراد مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع ہرنائی کے علاقے خوست میں کوئلہ کانوں کی سکیورٹی پر مامور فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے میں ایک اہلکار شہید جبکہ پانچ زخمی ہوگئے، لیویز نے لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیر ے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی۔ دریں اثناء کوئٹہ کے علاقے نیو بس اڈہ کے قریب پولیس کی چیکنگ کے دوران موٹرسائیکل پر سوار دو فرار کو پولیس نے روکا اور تلاشی لینے کے دوران دونوں افراد فرار ہوگئے۔ پولیس اہلکاروں نے پیچھا کر کے پکڑنے کی کوشش کی تو ملزموں نے ہاتھاپائی کرتے ہوئے پولیس سے اسلحہ چھیننے کی کوشش کی، پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے دونوں افراد موقع پر مارے گئے۔ پولیس اور فورسز نے لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا جس پر پولیس حکام کے مطابق ایک شخص کی شناخت شمس الدین کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزموں سے ہاتھاپائی کے دوران ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا۔