• news

مودی نے بھارتی سیکولر ازم کا جنازہ نکال دیا: علی امین گنڈا پور

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ بھارت ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے عزم کو کسی صورت میں شکست نہیں دے سکتا۔ افضل گرو شہید کی ساتویں برسی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے نفاذ کے باوجود کشمیری عوام سراپا احتجاج ہیں اور بھارتی حکومت اور بھارتی سپریم کورٹ کی اس عدالتی قتل کی بھرپور مذمت کر رہے ہیں۔ آر ایس ایس کے ہندوتوا فلسفے سے متاثر نریندر مودی کے انتہا پسند اقدامات نے بھارت کی نام نہاد جمہوریت اور سیکولرازم کا جنازہ نکال دیا ہے اور دنیا تنگ نظر نریندر مودی اور بھارتی حکومت کو ایک انتہا پسند اور فاشسٹ نازی کے طور پر ماننا شروع ہو گئی ہے۔ جس طرح بھارتی سپریم کورٹ نے افضل گرو کا عدالتی قتل کیا اسی طرح آج بھارتی حکومت اور بھارت کے ریاستی ادارے مقبوضہ کشمیر کے عوام اور بھارتی مسلمانوں کے حقوق کا قتل عام کرنے کے لیے سرگرم ہیں، عالمی برادری کو بھارتی حکومت کی ہندو انتہا پسند فاشسٹ پالیسیز کو روکنے کے لیے بروقت اقدامات کرنے ہوں گے، بھارتی جارحانہ اقدامات کے باعث خطے اور دنیا کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی عوام کی خواہشات کو مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ہی خطے میں دیرپا امن کا ضامن ہے۔ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے کے لیے پاکستان اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھے گا۔

ای پیپر-دی نیشن