فلسطینی زرعی اجناس ومصنوعات کی اردن کے راستے برآمد پراسرائیلی پابندی
رام اللہ(این این آئی)اسرائیل نے فلسطینیوں کے خلاف تجارتی جنگ تیز کردی ہے اور فلسطین کی زرعی اجناس ومصنوعات کی اردن کے راستے برآمد پر پابندی عائد کردی ہے۔اسرائیل نے عشروں سے جاری تنازع کے دوران میں پہلی مرتبہ اکتوبر سے فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ اب تجارتی محاذ کھول لیا ہے اور اس میں گذشتہ ہفتے سے مزید شدت آئی ہے۔فلسطینی اتھارٹی کے وزیر زراعت ریاض العطاری نے کہا کہ گذشتہ روز اسرائیلی کراسنگز کے ڈائریکٹر نے تمام برآمدکنندگان اور متعلقہ فریقوں کو بتایا کہ فلسطین کی تمام زرعی مصنوعات کی اردن کی سرحدی گذرگاہ کے راستے عالمی منڈی کو اتوار سے بھیجنے پر پابندی عاید کردی گئی ہے۔اسرائیلی اور اردنی حکام نے فوری طور پر اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔