• news

ملک ذوالفقار کھیل نہیں سیاست بچانے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں:نعمان بٹ

لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے رکن محمد نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ ملک ذوالفقار کھیل نہیں اپنی سیاست بچانے کے لیے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔ بدقسمتی ہے کہ وہ کرپٹ لوگوں کو ساتھ ملا کر کھیل کے فروغ کا نام استعمال کر رہے ہیں۔ ملک ذوالفقار کے گیارہ فروری کو ہونے والے اجلاس میں کوئی سابق کرکٹر شرکت نہیں کر رہا اس کیساتھ ساتھ نمایاں کرکٹ ایڈمنسٹریٹرز بھی شریک نہیں ہوں گے کیونکہ اس اجلاس میں عامر نواب اور مسعود انوار جیسے لوگ بھی شامل ہیں جنہیں ماضی میں کرپشن ثابت ہونے کی وجہ سے پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ملک بھر کے نمایاں کرکٹ ایڈمنسٹریٹرز ایسے کسی بھی اجلاس میں شریک نہیں ہونا چاہتے جہاں کھیل کے نام پر لوٹ مار کرنے والے شریک ہو رہے ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ کو اصل نقصان انہیں لوگوں نے پہنچایا ہے جنہوں نے کرکٹ ایڈمنسٹریشن کو ذاتی مفادات کیلئے استعمال کیا ہے۔ ایسے افراد جنہیں کھیل کے معاملات کا کوئی تجربہ نہیں نہ وہ کہیں سے منتخب ہوئے ہیں نہ منتخب ہو سکتے ہیں ان سے کیا بہتری کی توقع کی جا سکتی ہے۔ ہمیں پہلے ہی مفاد پرستوں نے گھیر رکھا ہے‘ مفاد پرستی کے دور میں ایسے نام نہاد کرکٹ منتظمین نے بھی کھیل کو ذاتی مفادات اور سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کا فیصلہ پاکستان کرکٹ کی بدقسمتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن