جسٹس قاسم کو لاہور ہائیکورٹ کا چیف جسٹس بنانے کی سفارش
لاہور+اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+خصوصی رپورٹر) چیف جسٹس پاکستان کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا۔ جسٹس قاسم خان کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ تعینات کرنے کی سفارش کی گئی۔ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مامون رشید شیخ 18 مارچ کو ریٹائر ہو جائیں گے۔ جسٹس محمد قاسم خان 5 جولائی 2021ء تک لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس رہیں گے۔ جوڈیشل کمشن کے اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس قاسم خان کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ بنانے پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جوڈیشل کمشن کا اجلاس چیف جسٹس گلزار احمد کے زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں کمشن کے تمام ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس قاسم خان کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ جوڈیشل کمشن نے جسٹس قاسم کو چیف لاہور ہائیکورٹ بنانے کی سفارش کر کے معاملہ پارلیمانی کمیٹی برائے ججز کو ارسال کر دیا ہے۔ جسٹس قاسم خان کو کریمنل لا پر عبور حاصل ہے۔ ان کے متعدد فیصلوں کو عدالتی نظیر کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ وکلا تنظیموں نے بھی جسٹس قاسم خان کی چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدہ پر نامزدگی کو سراہا اور فیصلے پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔