• news

ق لیگ کو ساتھ لیکر چلتے رہیں گے، غلط فہمیاں پیدا کرنیوالے ہاتھ ملتے رہ جائیں گے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیر دفاع پرویز خٹک، وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اسد عمر اور وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے شرکت کی۔ اجلاس میں اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ساتھ مشاورت کا عمل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں اتحادی جماعت کو ہر سطح پر ساتھ لے کر چلنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں اور چلتے رہیں گے۔ اتحادی جماعت کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ کو بہتر بنانے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ غلط فہمیاں پیدا کرنے والے ہاتھ ملتے رہ جائیں گے اور اتحاد آگے بڑھے گا۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورسے ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں، فلاح عامہ کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان بزدار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے انتظامیہ کو متحرک کر دیا ہے۔عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ماضی کا کرپٹ پاکستان دفن ہو چکا ہے اور اب وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں شفاف پاکستان پروان چڑھ رہا ہے۔ہمارا ہر قدم عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کرپشن بچائو کے سوا کوئی ایجنڈا نہیں۔ سیاسی یتیموں کو پہلے کی طرح اب بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے پاکستان کے اولین ٹیسٹ ٹیم کے رکن کر کٹر وقار حسن کے انتقال پرگہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیاہے۔وزیراعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے نوجوان بائولر نسیم شاہ کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ہیٹرک پر مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کم عمری میںنسیم شاہ کی ہیٹ ٹرک نہ صرف پاکستان بلکہ نوجوان بائولر کیلئے بھی ایک اعزاز ہے۔ نسیم شاہ کی بائولنگ کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ عثمان بزدارنے بنگلہ دیش کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک اننگز اور 44 رنز سے بنگلہ دیش کو شکست پاکستانی کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔ پاکستانی ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، جیت کا سفر جاری رہے گا۔ عثمان بزدار نے توقع ظاہر کی کہ کرکٹ ٹیم اگلے ٹیسٹ میچ میں فتح حاصل کرکے کلین سویپ کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن