کم کلسٹرز کا دوبارہ انٹرنیشنل ٹینس کورٹس میں واپسی کا فیصلہ، رواں ماہ دبئی اوپن میں شرکت کریں گی
برسلز (سپورٹس ڈیسک) بیلجیئم کی سابق سٹار کھلاڑی اور عالمی نمبر ایک کم کلسٹرز نے دوسری مرتبہ انٹرنیشنل ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینے کا اعلان کر دیا، وہ رواں ماہ ڈبلیو ٹی اے ٹورنامنٹس میں ایکشن میں نظر آئیں گی۔ کم کلسٹر 17 فروری سے ڈبلیو ٹی اے دبئی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی۔ انہوں نے اس ایونٹ کی وائلڈ کارڈ انٹری کو قبول کیا ہے۔ کلسٹرز نے پہلی مرتبہ 2007ء میں انٹرنیشنل ٹینس کو خیرباد کہہ دیا تھا تاہم دو برس بعد انہوں نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا تھا اور تین مزید گرینڈ سلیم ٹائٹلز اپنے نام کئے۔