ملک میں ریجنل کرکٹ کی بحالی نہایت ضروری ہے:ملک ذوالفقار
لاہور (نمائندہ سپورٹس) سیالکوٹ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر ملک ذوالفقار کا کہنا ہے کہ کرکٹ کی سیاست کا حصہ نہیں بننا چاہتا ملک کے مقبول ترین کھیل اور سیالکوٹ میں کرکٹ کا سامان بنانے والی صنعت سے منسلک ہزاروں افراد کے معاشی مستقبل کے تحفظ کے لیے میدان میں آیا ہوں۔ کرکٹرز کے لیے کھیل کے مواقع کم ہوئے ہیں تو کھیل کا سامان بنانے والی صنعت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ آج میٹنگ میں شرکت کے لیے سب کو دعوت دی ہے جو شریک ہو رہے ہیں ان کا مشکور ہوں اور جو نہیں آ سکے ان کی اپنی مرضی ہے۔ میرا کام کھیل کی بہتری کے لیے سب کو اکٹھا کرنا ہے۔ کسی قسم کا ذاتی مفاد نہیں ہے۔ تمام سٹیک ہولڈرز کو دعوت دی ہے تاکہ متفقہ پیغام پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومت پاکستان کو دیا جا سکے۔ ملک میں ریجنل کرکٹ کی بحالی ضروری ہے۔ نوجوانوں کے معاشی مستقبل کو محفوظ بنانے اور کھیل کے معیار کو بہتر کرنے کے لیے ہم سب کو ذاتی اختلافات بھلا کر متحد ہونا چاہیے۔ نئے آئین کے نفاذ سے ملک میں نچلی سطح کی کرکٹ ختم ہو کر رہ گئی ہے جب کلب اور ڈسٹرکٹ کرکٹ ہی نہیں ہو گی تو نیا ٹیلنٹ کہاں سے آئے گا میری آواز ملکی کرکٹ کی ترقی اور کھیل کے فروغ کے لیے ہے۔ اکیلا بھی رہ گیا تو اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا۔