• news

کبڈی ورلڈ کپ: بھارت، ایران اور آسٹریلیا نے میچز جیت لئے

لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور میں جاری کبڈی ورلڈ کپ 2020 میں مزید تین میچوں کا فیصلہ ہو گیا۔گذشتہ روز میگا ایونٹ کھیلے گئے پہلے میچ میں بھارت نے جرمنی ، دوسرے مقابلے میں ایران نے برطانیہ جبکہ آخری میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم نے کینیڈا کو شکست دیدی۔ پنجاب سٹیڈیم لاہور میں جاری میگا ایونٹ کے میچ کے دوران بھارتی ٹیم کو پہلی کامیابی مل گئی۔ بھارتی ٹیم نے 28 کے مقابلے میں 62 پوائنٹس سے باآسانی کامیابی حاصل کر کے جرمن جوانوں کو پچھاڑا۔ بھارتی جوانوں نے قینچی، جندرہ اور کنڈا سمیت دیگر داو پیچ سے حریف ٹیم کو زچ کیے رکھا اور حریف ٹیم جرمنی کھلاڑیوں کی ایک بھی نہ چلنے دی۔ ایونٹ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں ایران نے برطانیہ کو ہرا کر ایونٹ میں مسلسل دوسری فتح کو گلے لگا لیا۔ دوسرے میچ کے دوران ایران نے برطانیہ کی ٹیم کو 30 پوائنٹس سے شکست دیدی۔ یہ میچ بھی یکطرفہ ثابت ہوا، میچ کے اختتام پر ایران نے حریف ٹیم انگلینڈ کو 27 کے مقابلے 57 پوائنٹس سے پچھاڑ ڈالا۔ آخری میچ کے دوران کینیڈا اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مدمقابل ہوئیں۔دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے جم کر مقابلہ کیا اور قینچی، جندرہ اور کنڈا لگاتے ہوئے ہر داؤ پر برابر پوائنٹس حاصل کر تے رہے کھیل کے پہلے ہاف تک مقابلہ 17-19 تھا ۔ دوسرے ہاف کے آغاز سے کھیل کے اختتام تک بھی ون ٹو ون مقابلہ جاری رہا مگر میچ کے آخری لمحات میںآسٹریلوی ٹیم کے کھلاڑیوں نے عمدہ داؤ پیچ سے کام لیتے ہوئے کینڈاکے کھلاڑیوں کو قابو کرتے ہوئے 37 کے مقابلے 48 پوائنٹس سے شکست دیکر اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن