دہلی الیکشن: عام آدمی پارٹی کی 62 نشستیں، بی جے پی کی عبرتناک شکست
دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ریاستی انتخابات کے مکمل سرکاری نتائج آگئے۔ الیکشن کمشن آف انڈیا کے مطابق عام آدمی پارٹی 70 میں سے 62 نشستیں جیت گئی۔ بی جے پی صرف آٹھ نشستیں جیت سکی۔ کانگریس پارٹی کوئی سیٹ نہ حاصل کرسکی اور اس کے 63 امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہو گئیں۔ دہلی کے ریاستی انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا صفایا کر دیا۔ 8فروری کو بھارتی ریاست نئی دہلی کی اسمبلی انتخابات کے لیے پولنگ ہوئی تھی جس کی 70 نشستوں پر 600 سے زائد امیدوار میدان میں تھے۔ اب تک کے سرکاری نتائج کے مطابق نئی دہلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو شرمناک شکست ہوئی ہے۔ اور عام آدمی پارٹی نے 70 میں سے 62 نشستیں جیت لی ہیں۔ جبکہ بی جے پی نے 8 سیٹوں پر کامیابی حاصل کرلی۔ نتائج کے مطابق عام آدمی پارٹی کے 5 مسلمان امیدوار بھی میدان مارچکے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے کامیابی کا جشن مناتے ہوئے ’انقلاب زندہ باد‘ کے نعرے بھی لگائے۔ عام آدمی پارٹی نے ریاستی انتخابات میں مسلسل تیسری بار میدان مارا ہے اور ایک بار پھر عام آدمی پارٹی کے اروند کیجریوال وزیراعلیٰ بنیں گے۔ دوسری جانب نتائج کے اعلان سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی کی کامیابی کے دعوے کرنے والے رہنماؤں نے بھی شکست تسلیم کر لی ہے۔ بی جے پی کے صدر جگت پرکاش نڈا نے عام آدمی پارٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے بیان میں کہا ہے کہ لوگوں کا مینڈیٹ قبول کرتے ہوئے شکست تسلیم کرتے ہیں اور ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن کا کردار نبھاتے رہیں گے۔