ٹیسٹ رینکنگ: بابر اعظم، اسد شفیق، نسیم شاہ کی ترقی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ نئی بیٹنگ رینکنگ میں پاکستان کے بابراعظم دو درجے ترقی کے بعد پہلی بار ٹاپ فائیو میں آگئے۔ بابراعظم 2 درجے ترقی پانے کے بعد ساتویں سے پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بھارت کے ویرات کوہلی پہلے، آسٹریلیا کے سٹیون سمتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ بائولنگ میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز پہلے اورنیوزی لینڈ کے نیل ویگنر دوسرے نمبر پر ہیں۔بیٹنگ میں آسٹریلیا کے مارنس تیسرے اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن چوتھے نمبر پر براجمان ہیں۔دیگر کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی پر بھی درجہ بندی بہتر ہوئی ہے، اسد شفیق ترقی کر کے 18 ویں نمبر کے بیٹسمین بن گئے، کپتان اظہر علی 27 ویں، نسیم شاہ ترقی کر کے 52 ویں، یاسر شاہ کی 23 ویں، شاہین شاہ آفریدی32 ویں، اور محمد عباس 14 ویں‘ عمران خان سینئر 57 نمبر پر آگئے ہیں۔باؤلرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز کا پہلا اور نیوزی لینڈ کے نیل وگنر کا دوسرا نمبر ہے،ٹاپ ٹین باؤلرز میں کوئی پاکستانی کھلاڑی جگہ نہ بناسکا۔آئی سی سی کی ٹیم رینکنگ میں بھارت کی پہلی پوزیشن برقرار ہے،آسٹریلیا دوسری جبکہ پاکستان بدستور ساتویں پوزیشن پر براجمان ہے۔