سیالکوٹ میں مفاد پرستو ں کی کارنر میٹنگ ہوئی ہے:نعمان بٹ
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے رکن محمد نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ میں مفاد پرستو ں کی کارنر میٹنگ ہوئی ہے۔ اسے کسی بھی طور نمائندہ میٹنگ نہیں کہا جا سکتا پاکستان کرکٹ کا ہاؤس کم از کم ایک سوپچاس افراد پر مشتمل ہے اور سیالکوٹ میں درجن بھر لوگوں نے اکٹھے ہو کر اصل مقصد کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔جب آواز بلند کرنے کا وقت تھا اس وقت یہ لوگ حکمراں جماعت کی اہم شخصیات کیساتھ کرکٹ بورڈ کے چکر لگاتے رہے ہیں اور جب بات نہیں بنی تو اب کرکٹ کے نام پر میٹنگز کر رہے ہیں۔ نیا آئین منظور اور نافذ ہو گیا ہے تو انہیں خیال آیا ملکی کرکٹ کیساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔ کرکٹرز کے حقوق کیلئے عدالت کا راستہ اختیار کیا، گورننگ بورڈ کی میٹنگ میں شرکت سے روک دیا گیا لیکن جدوجہد جاری ہے۔ یہ لوگ بورڈ سے بات چیت کا پیغام دے رہے ہیں جبکہ بورڈ ایسوسی ایشنز کے بازو کاٹ چکا ہے۔ ہم آئندہ ماہ لاہور میں قومی سطح کا اجلاس کریں گے وہیں سے ایک ڈوزئیر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور وزیراعظم عمران خان کو بھیجا جائے گا۔ مجھے اطلاع ملی ہے کہ باؤلنگ کوچ وقار یونس کو ڈالرز میں ماہانہ تنخواہ دی جا رہی ہے اس سے بڑھ کر ناانصافی کیا ہو سکتی ہے۔