• news

کوئی شک نہیں حالات مشکل ہیں، مہنگائی کے خاتمہ کیلئے درست سمت میں کام ہو رہا ہے: اسد عمر

اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے ترقی، منصوبہ بندی و اصلاحات اسد عمرنے کہا ہے کہ عبدالحفیظ شیخ مشیرخزانہ کے طور پر کام جاری رکھیں گے۔ میری اطلاعا ت کے مطابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی بیمار ہیں۔ شبر زیدی کے حکومت سے نالاں ہونے کی معلومات نہیں ہیں۔ مہنگائی کے خاتمہ کے لئے درست سمت میں کام ہورہا ہے تاہم مشکل حالات ہیں اس میں کوئی شک نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار اسد عمر نے سپریم کورٹ میں ریلوے خسارہ کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔صحافی کی جانب سے اسد عمر سے سوال پوچھا گیا کہ آپ مشیر خزانہ بن رہے ہیں، اس پر اسد عمر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں دن میں ایک سے زیادہ جھوٹی خبریں پھیلتی ہیں۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ صورتحال سے مطمئن ہونا ایک الگ چیز ہے اور جو کام کیا جارہا ہے اس سے مطمئن ہونا ایک الگ چیز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات ہیں اس میں کوئی شک نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم بھی بار، بار کہتے ہیں کہ مہنگائی کے اوپر کام کرنے کی ضرورت ہے، انشاء اللہ تعالیٰ بہتری آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت ایم ایل ون اور کے سی آر منصوبوں کے حوالے سے پوچھ رہی تھی، ایم ایل ون کا ہم نے عدالت کو بتادیا کہ منصوبے کی منصوبہ بندی وقت پر چل رہی ہے اور اس ماہ کے آخر تک اپ ڈیٹڈ پی سی ون ریلوے سے آجائے گا اور مارچ کے مہینہ میں منصوبہ کی منظوری کے مراحل طے کر دیئے جائیں گے اور اپریل کے مہینہ میں ایکنک سے اس کی منظوری لے لی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اپریل میں پاکستان اور چین کے سی پیک کے حوالے سے اعلیٰ ترین فورم جے سی سی کا اجلاس ہو گا اور اس میں ہم ایم ایل ون کے منصوبہ کو لے کر جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا شیخ رشید کے دست مبارک سے یہ منصوبہ بننا شروع ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کے سی آر کے حوالے سے بھی ہم نے عدالت کو بتایا ہے کہ وفاق کی جانب سے جو کام ہونا تھا وہ کیا جارہا ہے تاہم منصوبہ کی لیڈ اس وقت سندھ حکومت کے پاس ہے۔

ای پیپر-دی نیشن