مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج نے 3 نوجوانوں کو درانداز قرار دیکر شہید کر دیا، غیرملکی سفیروں کا دورہ
سری نگر(کے پی آئی+ این این آئی) مقبوضہ کشمیرمیں بدھ کومسلسل 192ویں روز بھی فوجی محاصرے اور انٹرنیٹ کی معطلی کی وجہ سے معمولات زندگی مفلوج رہے۔ مقبوضہ کشمیر میں کئی مقامات پر بھارت مخالف مطاہرے ہوئے ہیں۔گزشتہ روزضلع کپواڑہ کے ترہگام قصبے میں خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد نے پابندیوںکو خاطر میں نہ لاتے ہوئے بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ بھارتی فوجیوں نے مظاہرین پر فائرنگ کرکے متعدد افرادکو زخمی اور کئی دیگر کو گرفتارکرلیا۔ کے پی آئی کے مطابق جرمنی ، کنیڈا، فرانس، افغانستان سمیت 25رکنی غیر ملکی سفیروں کا وفد بدھ کو سری نگر پہنچ گیا ہے۔ اس موقع پر سخت سیکورٹی کا اہتمام کیا گیا تھا۔ وفد نے اعلیٰ فوجی حکام سے ملاقات کی۔ روس نے مخصوص غیر ملکی سفارتکاروں کے اس وفد میں شامل ہونے سے انکارکیا ہے جس کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے دورے پر بھیجا ۔ بھارتی اخبار نے دعوی کیا ہے کہ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے مینڈر سیکٹر میں 3 نوجوانوں کو درانداز قرار دے کر گولی مار کر شہید کر دیا ہے ۔ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کی کتاب "ولر کنارے" پڑھنے کی ترغیب دینے پرپیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے سینئر رہنما نعیم اختر کے خلاف کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیاہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نعیم اختر کے خلاف درج مقدمے میں یہ الزام شامل ہے کہ انہوں نے پی ڈی پی اور بی جے پی کی مخلوط حکومت کے دوران نام نہاد وزیر تعلیم کے طور پر لوگوں کوسید علی گیلانی کی کتاب پڑھنے کی ترغیب دی تھی ۔ سابق وزیر اعلی غلام نبی آزاد کے قریبی ساتھی اور سابق کانگریسی ممبر اسمبلی غلام محمد سروری بھی بھا رتی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کے ریڈار پر آگئے ہیں۔ کے پی آئی کے مطابق غلام محمد سروری کو بھارتی تحقیقاتی ایجنسی این آئی ائے نے طلب کر کے ان سے عسکریت پسندوں کے ساتھ رابطے بارے تفتیش کی ہے۔ مقبول بٹ شہید کی برسی پر یورپین دارالحکومت برسلز میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے ایک بھرپور مظاہرہ کیا گیا ہے۔ مظاہرے کی قیادت جے کے ایل ایف یورپ زون کے جنرل سیکٹری سردار ظہیر زاہد نے کی جس میں دیگر کشمیری اور پاکستانی تنظیموں کے نمائندگان نے یکجہتی کے طور پر شرکت کی ۔مظاہرین نے اس موقع پر اپنے اسیر قائد یاسین ملک کی تصاویر، جے کے ایل ایف و آزاد کشمیر کے جھنڈے اور دیگر بینر اٹھا رکھے تھے جبکہ وہ مسلسل آزادی کے حق اور مودی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے ظالمانہ اقدامات کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے ۔