مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت ملی تو سپریم کورٹ سے رجوع کرینگے: فروغ نسیم
لندن( آن لائن ) وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو ہائی کورٹ سے بیرون ملک جانے کی اجازت ملی تو سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے جانے کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے تما م اتحادی حکومت کے ساتھ ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز اپنے والد کی تیمار داری کیلئے لندن جانا چاہتی ہیں تاہم قانون میں ایسی کوئی گنجائش نہیں، وفاقی حکومت ان کے بیرون ملک جانے کی مخالفت کرے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت شوگر اور آٹا مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائے گی۔ ملک میں ہر چیز درست نہیں ہے لیکن حکومت کوشش کر رہی ہے۔ جب حکومت میں آئے تو معاشی حالات بہت خراب تھے، ماضی کے قرضوں اور اس پر سود کی ادائیگی کے لیے آئی ایم ایف سے پیکیج لینا پڑا لیکن اب معاشی اعشاریے بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔ فروغ نسیم نے اعتراف کیا کہ ملک میں ہر چیز درست نہیں ہے لیکن حکومت کوشش کر رہی ہے۔ افواہیں پھیلانے والے نہیں چاہتے کہ کرپشن کا خاتمہ ہو۔خالد مقبول صدیقی کے استعفے سے متعلق سوال پر فروغ نسیم نے کہا کہ خالد مقبول نے وزارت صرف کراچی کے مسائل کے حل کے لیے چھوڑی۔ملک میں آنے اور چینی کے بحران سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ آٹا اور چینی مافیاز کے خلاف کارروائی ہو گی، کسی نے اگر کرپشن کی ہے تو اس کو رعایت نہیں دی جائے گی۔سزائے موت کو ختم کرنے سے متعلق ان کا کہنا تھا میں نے یہ نہیں کہا کہ پھانسی کی سزا ختم ہونی چاہیے بلکہ ہم نے فیصلہ وہ کرنا ہے جو قانون میں درج ہے۔ مزید کہا 1994 میں سپریم کورٹ کا فیصلہ یہ کہتا ہے سرعام پھانسی شریعت اور آئین کے خلاف ہے۔ میں نے کہا ایسا کوئی قانون نہیں بناؤں گا جو شریعت، آئین اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف ہو۔ان کا کہنا تھا کوئی میری بات سے اختلاف کرتا ہے تو سپریم کورٹ جائے۔ 1994 کا فیصلہ ریویو کرا لے۔سوشل میڈیا پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کے خلاف کارروائی سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ میں نے سوشل میڈیا کے حوالے سے کوئی سمری نہیں پیش کی بلکہ وزارت آئی ٹی کی جانب سے یہ سمری آئی تھی۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام حکومتی اتحادی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے متعلق فروغ نسیم نے کہا کہ شہباز شریف پاکستان سے باہر گئے ہیں تو حکومت نے نہیں عدالت نے آرڈر پاس کیا، حکومت قانون کے مطابق کام کرے گی اور حکومت عدالتی احکامات کی تعمیل کرتی ہے۔