گھی، چینی کی قیمت نہیں بڑھائی، اضافہ کی اطلاع بے بنیاد: ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز
لاہور(کامرس رپورٹر) مینیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن عمرلودھی نے یوٹیلٹی سٹورز پرگھی اور چینی کے نرخوںمیں اضافہ کئے جانے کی اطلاع کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ 8جنوری کو اشیاء کے جونرخ مقرر کئے گئے تھے ان ہی پر فروخت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز پر ایک کلوگھی کی قیمت 170روپے جبکہ ایک کلو چینی کی قیمت 68روپے مقرر ہے۔ ان نرخوں کے علاوہ زائد نرخ کا تقاضا کیا جائے تو صارفین یوٹیلٹی سٹورزکی انتظامیہ کو آگاہ کریں۔
اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ 10ارب روپے کی سبسڈی کے باوجود یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کا اشیاضروریہ کو کم نرخوں پر فروخت نہ کرنے پر وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیتے ہوئے یوٹیلٹی سٹورز کو چینی 68روپے فی کلو جبکہ گھی 170روپے کلو فروخت کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ انہوں نے چاول اور دالیں مارکیٹ ریٹ سے 10سے 25فیصد سستی دستیاب ہونگی، وزیراعظم عوام کا احساس اور درد رکھتے ہیں، عوام کو ریلیف دینا اور ان کی زندگیوں میں آسانیاں لانا عمران خان کی حکومت کا اولین ایجنڈا ہے۔