کنٹرول لائن: کار ریلی پر بھارتی فوج کی فائرنگ، 3 افراد زخمی
مظفر آباد( آن لائن ) لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر آزادکشمیر کے ضلع کے علاقے سے گزرتی ہوئی کار ریلی پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 3 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ریلی کا آغاز تیتری نوٹ سے ہوا تھا جو دھاڑ بازار میں کشمیری رہنما مقبول بٹ کی 36ویں برسی کی تقریب میں شرکت کے لیے جارہی تھی۔مدارپور کے نزدیک مینڈلا کے مقام پر بھارتی فوج نے ریلی پر گولیاں برسائیں۔مقامی پولیس حکام کا کہنا تھا کہ 'بھارتی اسنائپرز نے دو گاڑیوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 مسافر زخمی ہوئے'۔ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں سے ایک 32 سالہ لقمان عزیز ہیں جنہیں گردن میں گولی لگی، 20 سالہ ارسلان صدیقی کو پشت پر گولی لگی اور راشد طالب کو بائیں بازو میں گولی لگی۔حکام کا کہنا تھا کہ ان میں سے لقمان اور ارسلان کو راولا کوٹ کے شیخ خلیفہ بن زید ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا تاہم لقمان کی حالت تشویش ناک ہونے کی وجہ سے انہیں راولپنڈی کے سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ریلی جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کی ذیلی تنظیم کی جانب سے منعقد کی گئی تھی۔