عوام کو ریلیف دینے آئے، کام نہ کرنیوالے افسر کی جگہ نہیں: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت راولپنڈی ڈویژن کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی 5گھنٹے طویل اجلاس میں ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ راولپنڈی ڈویژن کے لئے جاری ترقیاتی منصوبوں پرپیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ عثمان بزدار نے گزشتہ حکومت کے دور میں پوٹھوہار میں بنائے گئے سمال ڈیمز میں بے ضابطگیوں کی انکوائری کاحکم دیتے ہوئے کہاکہ اس معاملے کی تحقیقات چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کریں گے اور بغیر این او سی بننے والی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف قانو ن کے تحت کارروائی کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والے مافیا کو منظقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کسی دبائو کے بغیر جاری رہے گا۔ راولپنڈی میں رنگ روڈ کی تعمیر کے منصوبے کوجلد شروع کریں گے۔ ٹیکسلا میں گندھارا یونیورسٹی کے قیام کاجائزہ لیا جائے گا۔ راولپنڈی میں نئی سبزی منڈی بنانے کا منصوبہ آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جائے گا-صوبے میں ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کاحکم دے دیا ہے اور ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹیوں کومتحرک کر دیا گیا ہے۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے آخری حد تک جائیںگے - راولپنڈی کے شہر یوں کے لئے پانی کا مسئلہ حل کریں گے- عثمان بزدار نے عوامی شکایات پر جہلم کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کو تبدیل کرنے کاحکم دیتے ہوئے وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کو اے ڈی سی آر جہلم کے خلاف انکوائری کی ہدایت کی انہوں نے کہاکہ عوام کو ریلیف دینے کے لئے آئے ہیں- کام نہ کرنے والے افسر کی پنجاب میں کوئی جگہ نہیں- عثمان بزدار سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور وائس چیئرمین پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی علی اسجد ملہی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عوام کو صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے تمام تر ممکنہ وسائل فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ صحت انصاف کارڈ ہماری حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے۔