اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل دو ہفتوں میں حل کئے جائیں گے
لاہور (نیوز رپورٹر) بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ’’پولیس خدمت مرکز کو گلوبلائز ‘‘ کرنے کا فیصلہ، پولیس سے متعلقہ مسائل چھ ماہ کی بجائے15 روز میں حل کئے جائیں گے اور اوورسیز پاکستانیوں کوآن لائن انٹرنیٹ سسٹم کے ذریعے ہی اپنے مسائل حل کرسکیں گے ۔ انہیں کریکٹر سرٹیفکیٹ، انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید، گمشدگی دستاویزات، جائیداد سمیت دیگر متعلقہ مسائل کا دس سے پندرہ روز میں حل کیا جائے گا اور ان کے ڈاکومنٹ انہیں گھروں میںایک کورئیر کمپنی کے ذرئعے ڈیلیور کردئیے جائیں گے۔ اس حوالے سے آئی جی پنجاب پولیس شعیب دستگیر، سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر ان امور کو بخوبی انجام دے رہے ہیں۔ ذوالفقار حمید ایک پروفیشنل پولیس آفیسر ہیں جن کا یہ ویژن ہے کہ کمیونٹی پولیسنگ کے کلچر کو فروغ دیا جائے تاکہ عوام اور پولیس کے درمیان دوستی اور اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ خصوصا اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو فوری حل کیا جائے۔ اس سے پہلے اوورسیز پاکستانیوں کو اپنے ڈاکومنٹ اور مسائل کے حل کیلئے کئی دشوار اور پچیدہ مراحل سے گزرنا پڑتا تھا۔ بیرون ملک پاکستانیوں کو اپنے مسائل کے حل کیلئے پہلے اپنی ایمبیسی سے وزارت خارجہ آفس پھر وزارت داخلہ رجوع کرنا پڑتا تھا اس کے بعد وزارت داخلہ ان کا کیس پولیس کو ریفر کرتے تھے جس میں تقریبا چھ ماہ کا وقت درکار ہوتا تھا۔ اس طرح پنجاب وہ واحد صوبہ بن گیا ہے جہاں پولیس خدمت مرکز کو گلوبلائز کردیا گیا ہے جس کے بعد بیرون ملک پاکستانیوں کوکریکٹر سرٹیفکیٹ ،انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید، گمشدگی دستاویزات، جائیداد سے متعلقہ مسائل کا حل دو ہفتوں میں کیا جائے گا ۔ اس سلسلے میںوزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایات تھیں کہ اوورسیز کے مسائل فوری حل کئے جائیں جس پر آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے خصوصی توجہ دی ،سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے اس بیڑے کو اٹھایا اور لاہور سے اس کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ پنجاب پولیس میں ’’پولیس خدمت مرکز کو گلوبلائز ‘‘میں آن لائن سسٹم میں اوورسیز اپنا کیس ڈائریکٹ ایک پورٹل کے ذریعے اپنی درخواستیں بجھوا دیا کریں گے اور یوں ان کی درخواست کو تین سے چار روز میں پراسیس کرکے واپس بجھوادیا جائے گااور ایک کوریئر کمپنی اوورسیز پاکستانیوں کے ڈاکومنٹ انہیں گھروں پر ڈیلیور کردیا کرے گی ۔یوں اس پراسیس میں صرف پندرہ روز ہی لگیں گے ۔اس بارے میں سی سی پی او ذوالفقار حمید نے نوائے وقت کو بتایا کہ پنجاب پولیس نے پہلے ہی 36 اضلاع میں پولیس خدمت مراکز قائم کیے ہوئے ہیں ،بڑے شہروں میں موبائل خدمت مراکز بھی بنائے گئے ہیں جو علاقے میں جا کر شہریوں کو 14 سہولیات جن میں پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ، جنرل پولیس ویریفکیشن، وہیکل ویری فکیشن، موبائل فون ویری فیکیشن سروس، رپورٹ گمشدگی، گمشدہ بچوں کی رپورٹ، جرائم کی اطلاع،کرائم رپورٹس، قانونی رہنمائی برائے خواتین، ایف آئی آر کی کاپی کا حصول، کرایہ داری کا اندراج، نجی اداروں میں کام کرنے والے اور گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن، لرنر ڈرائیونگ لائسنس کاحصول، ڈرائیورنگ لائسنس کی تجدید، انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کا حصول اور پولیس خدمت کاؤنٹرز سے میڈیکولیگل رپورٹس کی فراہمی جیسی اہم خدمات شامل ہیں،صوبے بھر کے تمام خدمت مراکز سنٹرل پولیس آفس کے مین سرور کے ساتھ منسلک ہیں،پنجاب بھر سے خدمت مراکز کی کارروائی آئی جی آفس میں بھی دیکھی جا سکتی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کو خدمت مرکز کی سہولیات پہلے ہی فراہم کی جارہی ہیں اب اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے اہم اقدام کیا گیا ہے ،لاہور میںپہلے سے قائم چار پولیس خدمت مراکز جن میں گریٹر اقبال پارک،اقبا ل ٹاون،ڈی آئی جی آپریشنز آفس ،پارکنگ لبرٹی مارکیٹ شامل ہیں اب مزید تین نئے مراکز نارتھ کینٹ ،کاہنہ اور ڈیفنس شامل ہیں اب ان تمام مراکز کو گلوبلائز کردیا گیا ہے بیرون ملک پاکستانیوں کا اب ان کے مسائل کا حل دس سے پندرہ روز میں ملا کرے گا ان کا کہنا تھا کہ نئے مراکز میں فریش گریجویٹ آئی ٹی کے لوگ بھرتی کئے گئے ہیں جو اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا حل بروقت کرکے انہیں مطلع کریں گے اس عمل کو میں خود مانیٹر کرونگا تاکہ کسی بھی قسم کے مسائل پیدا نہ ہوں۔