بھارت پلوامہ جیسا ڈرامہ دوبارہ رچا سکتا ہے: کشمیر میڈیا سروس
سرینگر (انٹرنیشنل ڈیسک) کشمیر میڈیا سروس نے پلوامہ واقعہ کو ایک سال مکمل ہونے پر رپورٹ جاری کی ہے۔ رپورٹ میں خبردارکیا گیا بھارت پلوامہ کی طرز کا ایک اور ڈرامہ رچا سکتا ہے تاکہ مقبوضہ کشمیرکے مؤقف پر پاکستانی کوششوں کو نقصان پہنچایا جاسکے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت کشمیرکی جدوجہد آزادی کو دبانے اور پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے ایک اور فالس فلیگ آپریشن کرسکتا ہے۔ ماہرین اور تجزیہ کاروں کے مطابق پلوامہ کا ڈرامہ دنیا کو اس لیے دکھایا گیا تاکہ یہ ثابت کیا جاسکے کہ کشمیر میں جدوجہدآزادی نہیں بلکہ دہشت گردی ہورہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پلوامہ حملے کی آڑ میں نہ صرف مودی سرکارکو کامیاب کروانے کا باعث بنی بلکہ اس کے بعد مقبوضہ وادی کی خصوصی حیثیت کا بھی خاتمہ کیا گیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت نے پلوامہ کا ڈرامہ اس لیے بھی رچایا تاکہ عالمی برادری کی ہمدردی اور کشمیر میں مظالم کو چھپایا جاسکے۔ رپورٹ میں اعتراف کیا گیا ہے کہ پلوامہ واقعہ کے بعد بھارتی دراندازی، پائلٹ کی گرفتاری اور پھر واپسی نے پاکستان کو اخلاقی فتح دلائی۔ بھارتی خفیہ ایجنسیاں جنوبی ایشیا میں جنگ جیسی صورتحال پیدا کرنے کے لیے پارلیمنٹ، اڑی اور پلوامہ جیسے حملوں میں ملوث تھیں۔