سکھر: چار منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے 4 افراد جاںبحق، 3 زخمی
سکھر (این این آئی) سکھر کے علاقے غریب آباد میں چار منزلہ عمارت میں واقع فلیٹ میں آگ لگ گئی، جس کے باعث 4 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ سکھر کے علاقے غریب آباد کے بیری چوک پر واقع عمارت کی دکانوں میں آتشزدگی کے باعث فلیٹ میں موجود 4 افراد جاں بحق جبکہ30زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں باپ اور2 بچے شامل ہیں۔ زخمیوں اور لاشوں کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فلیٹ کے نیچے بنی دکان میں آگ لگی تھی جس نے پہلی منزل پر واقع فلیٹ کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ رپورٹس کے مطابق دکانوں میں لگی آگ کا دھواں ان کے اوپر بنے فلیٹ میں بھر گیا تھا، جس کے باعث فلیٹ میں موجود محمد جاوید اور ان کے دو بیٹے محمد علیان اور محمد عمر دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہو گئے۔ دھوئیں کے باعث حیدر علی بھی موقع ہی پر جاں بحق ہو گیا۔