نواز شریف‘ زرداری کی خاموشی زیادہ خطرناک ہے: شیخ رشید
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کہتے ہیں وزیراعظم کہیں نہیں جارہے کیونکہ سیکیورٹی ادارے عمران خان کیساتھ کھڑے ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سے متعلق کہا کہ انہیں شہبازشریف کو پیغام دیا ہے کہ لندن میں مزے کریں، وہ میری پارٹی کے ہیں، وہ آ ئیں گے تو گڈی گڈی کھیلیں گے، ان کا مارچ میں آنے کا ارادہ ہے۔ ایک سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف آ نہیں رہے اور مریم نواز جا نہیں رہیں۔ حکومت جانے سے متعلق سوال پر وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کوئی تحریک نہیں چلائی گی، وزیراعظم کہیں نہیں جارہے کیونکہ سیکیورٹی ادارے عمران خان کیساتھ کھڑے ہیں۔ وزیراعظم کی جانب سے مولانا فضل الرحمان پر غداری کے مقدمے کی بات پر شیخ رشید نے کہا کہ مولانا پر آرٹیکل 6 لگانے کا حامی نہیں ہوں مارچ میں کچھ لوگ اسلام آباد آنا چاہتے ہیں لیکن انہیں وہ سہولت ملے گی جو پہلے ملتی رہی ہے۔ فضل الرحمان دھرنے کیلئے اسلام آباد آئے تو دھر لئے جائینگے ۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ مہنگائی ہماری سب سے بڑی دشمن ہے، آئی ایم ایف کی بجلی کی قیمت بڑھانے کی بات نہیں مانی جائے گی، جب طاقتور طبقہ غریب کے خلاف اکٹھے ہو جاتا ہے تو مافیا بن جاتاہے، جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کا نام چینی آٹے بحران میں نہیں ہے، عمران خان کی حکومت میں کوئی فارغ نہیں ہو رہا۔ شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پر آرٹیکل 6 لگانے کا حامی نہیں، ان کی اب وہ عمر نہیں کہ ان پر آرٹیکل 6 لگے، بلاول بھٹو زرداری کے ابھی کھیلنے اور اٹھکیلیوں کے دن ہیں، بلاول سے دل لگی ہے، میں نہیں چاہوں گا کہ وہ جیل جائے، آصفہ بھٹو بہتر انتخاب ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف کی خاموشی زیادہ خطرناک ہے۔