انسداد پولیو مہم آج سے شروعسبی‘ ہرنائی میں موخر‘ ڈی آئی خان میں 5روز کیلئے ڈبل سواری پر پابندی
لاہور، کوئٹہ ‘ڈیرہ اسماعیل خان (نوائے وقت رپورٹ‘ایجنسیاں) انسداد پولیو مہم آج پیر سے شروع ہو گی جبکہ سبی میلے کے پیش نظر سبی اور ہرنائی میں مہم موخر کردی گئی۔ سکیورٹی خدشات کے باعث ڈی آئی خان میں 5روز کیلئے ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔ تین روزہ انسداد پولیو مہم میں پنجاب کے ایک کروڑ 94 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائوکی ویکسین پلائی جائے گی جس کے لئے 94ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انسداد پولیو پروگرام کے مطابق پولیو مہم کی کامیابی کے لیے گھرگھر جا کر حفاظتی ویکسین پلانے کے ساتھ ساتھ مختلف گزرگاہوں، ہسپتالوں، ریلوے سٹیشنز، ہوائی اڈوں اور بین الصوبائی داخلی راستوں پر ٹیمیں تعینات کی جائیں گی۔ دوسری طرف بلوچستان کے 31 اضلاع میں انسداد پولیو مہم آج سے شروع کی جائے گی۔ ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے مطابق بلوچستان کے 2 اضلاع سبی اور ہرنائی میں مہم موخر کردی گئی۔ مہم سبی میلے کی وجہ سے موخر کی گئی۔ کوئٹہ، پشین اور قلعہ عبداللہ میں مہم 5 روز تک جاری رہے گی۔ پانچ روز مہم کے بعد تینوں اضلاع میں 2 کیچ اپ ڈے منائے جائیں گے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیو مہم کے دوران موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر 5 روز کیلئے پابندی عائدکر دی گئی۔ پولیو ڈیوٹی اہلکار پابندی سے مستثنیٰ ہونگے۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں آج17فروی سے شروع ہونے والی قومی انسداد پولیو مہم کے دوران سیکورٹی خدشات کے 21فروری تک ضلع بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے۔