• news

لاپتہ ایس ایس پی کے دوست سے مزید تفصیل حاصل‘ گرفتاری کیلئے پنجاب بلوچستان میں چھاپے

لاہور (نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) ایس ایس پی پنجاب کانسٹیبلری مفخرعدیل اور ان کے دوست سابق ڈپٹی ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شہبازاحمد تتلہ ایڈووکیٹ کے پراسرارلاپتہ ہونے کے معاملہ کی تفتیش جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شہبازاحمد تتلہ ایڈووکیٹ کے لاپتہ ہونے کے کیس میں ایس ایس پی پنجاب کانسٹیبلری مفخرعدیل کا تعلق ضرور ہے اور ایس ایس پی مفخرعدیل خود ہی روپوش ہوئے ہیں ۔ ایڈووکیٹ شہبازاحمد تتلہ 7 فروری کو لاپتہ ہوئے۔کلمہ چوک میں شہبازاحمد تتلہ کے لاء چیمبر کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجزسے پتا چلا کہ شہباز احمدتتلہ ایس ایس پی مفخر عدیل کے ساتھ چیمبر سے اکٹھے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق سیف سٹی اور مختلف کیمروں کی فوٹیجز سے معلو م ہو اکہ مفخر عدیل کے ہمراہ شہبازاحمد تتلہ فیصل ٹاؤن میں ایک کوٹھی میں گئے، جو مفخر عدیل نے عیاشی کے لئے کرائے پر لی ہوئی تھی۔ مگرشہبازاحمد تتلہ اس کوٹھی سے باہر نکلتے دکھا ئی نہیں دئیے۔ دریں اثناء متذکرہ کوٹھی سے کیمیکل کی بدبو آنے پر محلے داروں نے اعتراض کیا تو چوکیدار نے کہا کہ گھر میں باربی کیو پارٹی کی تھی یہ اس کی بو ہے۔ جس کے بعد پنجاب کانسٹیبلری کے واٹر باؤزر اور10 ملازمین کی مدد سے کوٹھی کو پانی سے دھلوا دیا گیا اور ایس ایس پی مفخرعدیل خود کہیں روپوش ہو گئے۔ پولیس نے مزید تحقیقات کیں جس میں پتہ چلا کہ ایس ایس پی شہبازاحمد تتلہ کے ساتھ ان کا ایک اور ساتھی اسد بھٹی بھی موجود تھا، جسے پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ مفخر عدیل کے ایک اور دوست اسد بھٹی نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے اور ایک کیمیکل کا ڈرم بھی قبضے میں لے لیا ہے۔ پولیس نے اسد بھٹی کے موبائل سے7 فروری کو ہونے والی پارٹی کی تفصیلات حاصل کیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق لاہور سے لاپتہ ایس ایس پی مفخر عدیل کی پراسرار گمشدگی کی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کو قریبی دوست اسد بھٹی کے موبائل فون سے اہم تفصیلات مل گئیں۔ مفخر عدیل کی گمشدگی کی تحقیقات کے دوران ان کے دوست اسد بھٹی کو حراست میں لے لیا گیا۔ جس کے موبائل سے سات فروری کو ہونے والی پارٹی کی تفصیلات مل گئیں۔ مفخر عدیل‘ شہباز تتلا سمیت دیگر لوگ پارٹی میں شامل تھے۔ مفخر عدیل کی گرفتاری کیلئے سی آئی اے کی ٹیمیں پنجاب سمیت بلوچستان میں چھاپے مار رہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن